9 رکنی بینچ کے 3 رکنی رہ جانے میں حکومت کا کوئی کردار نہیں ہے ، رانا تنویر

9 رکنی بینچ کے 3 رکنی رہ جانے میں حکومت کا کوئی کردار نہیں ہے ، رانا تنویر
شیخوپورہ: وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ نو رکنی بینچ کے تین رکنی رہ جانے میں حکومت کا کوئی کردار نہیں ہے بلکہ یہ اندرونی اختلاف اور کیس پر عدم اتفاق کا نتیجہ ہے ۔ شیخوپورہ کی تحصیل شرقپور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اور تقریب سے خطاب میں رانا تنویر حسین نے بتایا کہ حکومت میں شامل تمام اتحادی جماعتوں نےاتفاق رائےسے ہی اس کیس کو ناقابل سماعت قرار دیا تھا ، سیاسی جماعتوں کو سیاست کی بجائے ریاست کی مضبوطی اور آئین کی بالادستی کے لئے کردار ادا کرنا ہوگا ۔ ان کا کہنا تھا کہ 9 رکنی بینچ کے 3رکنی ہو جانے میں حکومت کا کوئی بھی کردار نہیں ہے ، یہ اندرونی اختلاف اور کیس پر عدم اتفاق کا نتیجہ ہے ، اس پر فل کورٹ بنانے کا مطالبہ بالکل درست اور جائز ہے ، فل کورٹ کے ذریعے ہی عدلیہ آئینی بحران سے نکلنے کی راہ تلاش کرے ورنہ آئینی اورسیاسی معاملات بند گلی میں ہی چلے جائیں گے ۔ وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) فاشسٹ جماعت بن چکی ہے جسے جمہوری اقدار کا کوئی بھی خیال نہیں ہے ، قوم بھی فیصلہ کرے کہ آئین و قانون کی بالادستی کی خاطر کردار ادا کرنا ہے یا آئین و قانون شکنوں کا ہی ساتھ دینا ہے ، اب سابق وزیر اعظم اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان جس طرح بات کریں گے ، اسی طرح کا جواب بھی ملےگا ۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔