لکھنو ( ویب ڈیسک ) ہمسائیہ ملک بھارت سے اکثر ایسی خبریں آتی ہیں جن پر یقین کرنا مشکل ہوتا ہے لیکن اس بار انڈیا میں ایک ایسی شادی ہوئی ہے جس کی روداد ناقابل یقین ہے ٗ ایک لڑکی اپنی شادی کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہو گئی جبکہ شادی کی تقریب جاری رکھی گئی اور چھوٹی بہن نے بڑی بہن کی جگہ لے لی۔تفصیلات کے مطابق اتر پردیش میں سوربھی نامی ایک لڑکی کی شادی تھی جب اسے پھیرے لینے سے چند منٹ پہلے دل کا دورہ پڑا جس سے جانبر نہ ہو سکی تو خاندان والوں نے اک عجب فیصلہ لیا ٗ سوربھی کی نعش کو دوسرے کمرے میں رکھ دیا گیا اور اس کی چھوٹی بہن کو دلہن کے کپڑے پہنا کر شادی کی تقریب مکمل کی گئی ۔دلہا منگیش کمار اس سارے عمل میں تاثرات سے عاری رہا ٗ جب اس کی منگیتر فوت ہوئی تو ایسا لگا کہ غم سے نڈھال وہ دنیا چھوڑ دے گا مگر جب سوربھی کی چھوٹی بہن سے اس کی شادی کی بات چلی تو اس کو بھی زندگی کی کرن نظر آئی اور اس نے فورا اس شادی پر رضامندی کا اظہار کر دیا اور سوربھی کی چھوٹی بہن نشا کے ساتھ شادی کی رسومات مکمل کرنے لگا۔سوربھی کے بھائی سورابہ کا کہنا ہے کہ یہ ناقابل یقین تھا کہ اس کی بہن کی نعش ایک کمرے میں پڑی ہے جبکہ اسی دوران دوسرے کمرے میں نشا تیار ہو رہی ہے ٗ جبکہ اس شادی کی مرکزی کردار یعنی سوربھی کی والدہ جنہوں نے اس شادی کو روکنے سے انکار کر دیا ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنی بیٹی کی موت کے بعد بھی شادی جاری رکھنا چاہتی تھی ٗ سوربھی اپنی زندگی میں معجزے کی بات کیا کرتی تھی ٗ وہ یقیناً سکون میں ہو گی۔