قائد عوام بھٹو شہید کرشمہ ساز لیڈر تھے ، آصف علی زرداری

قائد عوام بھٹو شہید کرشمہ ساز لیڈر تھے ، آصف علی زرداری
سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید مدتوں سے استحصال کے شکار انسانوں کیلئے قدرت کا ایک عظیم تحفہ تھے جس کی ہر قدم پر تاریخ نے رہنمائی کی، قائد عوام بھٹو شہید کرشمہ ساز لیڈر تھے ۔ سابق صدر مملکت اور صدر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز آصف علی زرداری نے پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کے یوم ولادت پردنیا بھر میں آباد ان کے جیالوں اور حامیوں کو مبارکباد دی ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ قائد عوام 43 سال قبل عدالتی قتل کے بعد بھی عوام کے دل پر حکمرانی کر رہے ہیں۔ بھٹو کی مزار پر کروڑوں انسان اپنے عقیدے کے مطابق دعاؤں کے تحفے ان کے نام کرتے ہیں۔ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کے قاتلوں اور قتل کی سازش میں شریک کرداروں کی قبریں ویران ہیں۔ سابق صدر نے کہا کہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید مدتوں سے استحصال کے شکار انسانوں کیلئے قدرت کا ایک عظیم تحفہ تھے جس کی ہر قدم پر تاریخ نے رہنمائی کی۔ قائد عوام بھٹو شہید کرشمہ ساز لیڈر تھے ۔ تین سال کی مختصر مدت میں عوامی شعور کی ایسی شمع روشن کی جس کی وجہ سے عوام کا استحصال کرنے والے طبقات کے قلعے زمین بوس ہو گئے۔ آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید نے عوام کو سوچنے کیلئے شعور، بولنے کیلئے زبان اور عزت سے سر اٹھا کر جینے کا سلیقہ سکھایا تھا۔ قائد عوام نے مسلم دنیا کی بھی رہنمائی کی وہ فلسطین کے مسلمانوں کی آزادی کی جدوجہد کے بھی روح رواں تھے۔ قائد عوام انسانی آزادی کے بہت بڑے حامی، طرفدار اور وکیل تھے۔ قائد عوام بھٹو شہید دنیا کے ایسے لیڈر تھے جو مذاکرات کے میز پر ناقابل شکست تھے جس کی وجہ سے دنیا کے مہذب طبقات ان کے مداح تھے۔ صدر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کا کہنا تھا کہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید نے پانچ سال کی مختصر مدت میں 1971 کی جنگ میں ہونے والی تباہی کے سارے نشانات مٹا کر ایک نئے پاکستان کی تعمیر کی۔ قائد عوام بھٹو شہید نے پاکستان کی ایٹمی صلاحیت کیلئے دنیا کے طاقتور قوتوں سے ٹکر لی۔ بھٹو شہید ایسے پاکستان کی تعمیر چاہتے تھے کہ کوئی دشمن پاکستان کو بری نظر سے نہ دیکھے۔ قائد عوام حقیقی معنوں میں پاکستان کو ایسی ایٹمی قوت بنایا چاہتے تھے جہاں جدید سائنسی بنیادوں پر میڈیکل اور انجینئرنگ کی صلاحیت ہو۔ انرجی میں ملک خود کفیل ہو ، اور ذراعت میں ایسی ترقی کرے کہ پاکستان خوراک کی پیداوار میں ترقی یافتہ ممالک سے آگے ہو ۔ انہوں نے کہا کہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید نے ہر پاکستانی کو پاسپورٹ بنوانے کا حق دیا تاکہ وہ دنیا بھر میں آباد ہوکر اپنے ملک کا نام روشن کریں۔ جب پاکستان بے مثال ترقی کی منزلیں طے کرنے لگے تو اقتدار کے لالچی ٹولے نے انتہائی حقیر مقاصد کی خاطر اپنے ملک پر قبضہ کر لیا۔ کچھ خود غرض افراد نے ناجائز اقتدار کی خاطر پاکستان کو تختہ مشق بنا دیا۔ آج کے دن ہم اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ پاکستان کو ایک بار پھر ایسا باوقار ملک بنائیں گے جس کیلئے محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے زندگی بھر جدوجہد کی تھی۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ہمارا عزم ناقابل شکست ہے ، موجودہ پاکستان ہمارے قائد کی کاپاکستان ہے جس کی بقا اور سلامتی کی ضمانت عظیم محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے اپنی جان کی قربانی دے کر دی تھی ۔ ہم بھٹو شہید کی امانت کی حفاظت کرتے رہیں گے۔ محترمہ بینظیر بھٹو شہید، قائد عوام بھٹو شہید کے پاکستان کی زنجیر تھیں۔ اب بلاول بھٹو زرداری زنجیر ہیں جو اپنے نانا کے پاکستان کی نہ صرف حفاظت کرتے رہیں گے۔ بلاول بھٹو پاکستان کو دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کریں گے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔