چیمپیئنز ٹرافی کے تمام میچز پاکستان میں،بھارتی ٹیم کی شرکت پر اچھی خبر ملے گی،محسن نقوی

سلیکشن کمیٹی میں جس نے غلط فیصلے کیے اس کا احتساب ہوگا، محسن نقوی
کیپشن: Whoever made wrong decisions in the selection committee will be held accountable, Mohsin Naqvi

ویب ڈیسک: (شکیل خٹک) چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے اچھی خبریں ہیں۔ تمام میچز پاکستان میں ہوں گے۔ تاہم بھارتی ٹیم کے چیمپئنز ٹرافی میں شرکت پر ابھی کچھ نہیں کہوں گا،مگر اچھی خبر ہی ہوگی۔

میڈیا سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن بہت بڑا چیلنج ہے۔ چیمپئنز ٹرافی سے قبل تینوں اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن مکمل کرنی ہے۔

محسن نقوی نے واضح کیا کہ چیمپئنز ٹرافی کے لئے ٹکٹس  کا کوٹہ نہیں ہوگا۔ پی سی بی والوں کو کہاہے کہ ٹکٹس پر لوگ آپ کو تنگ کریں گے۔ ٹکٹس بیچ کر پی سی بی کا ریونیو بڑھائیں گے۔ آئی سی سی ورلڈکپ کے دوران پی سی بی آفیشلز کو صرف 4 ٹکٹس ملی تھیں۔ فری ٹکٹس کارواج ختم کرنا ہوگا۔

محسن نقوی نے بتایا کہ پاک بھارت سیریز کے لیے کرکٹ آسٹریلیا سے بھی اچھی آپشنز ہیں۔ پاک بھارت سیریز کے حوالے سے اچھی خبر ہوگی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ لوگ کرکٹ بورڈ کے معاملات کو کچھ دکھاتے ہیں جبکہ میدان میں سچائی کچھ اور ہوتی ہے، قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے رپورٹ جمع کرادی ہے۔ ان کی واپسی پر دیگر کوچز کے ساتھ سیشن کریں گے، اُن سابق کرکٹرز سے میرا رابطہ ہے جو کرکٹ کو بہتر بنانا چاہتے ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ کرکٹ بورڈ میں آئے ہوئے مجھے صرف چار ماہ ہوئے ہیں۔ یہاں تو آوے کا آوا بگڑا ہوا ہے۔ اب معاملات وہ سابق کرکٹرز سنبھالیں گے جن کی روزی روٹی ٹی وی چینلز پر بولنے سے وابستہ نہیں۔ گیری کرسٹن، جیسن گیلسپی اور اظہر محمود کے ساتھ سیشن کیے جائیں گے۔

پی سی بی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ سلیکشن کمیٹی میں جس نے غلط فیصلے کیے اس کا احتساب ہوگا۔ پی سی بی میں کچھ تبدیلیاں کی گئی ہیں اور کچھ کی جانے والی ہیں۔ مجھے بھی محسوس ہوا کہ غلطیاں ہوئی ہیں لیکن سابق کرکٹرز فیصلہ کریں گے۔

ایک سوال پر محسن نقوی نے کہا کہ بابر اعظم کو تبدیل کرنے سے متعلق ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ کپتان کی تبدیلی کا فیصلہ سابق سینیر کرکٹرز کریں گے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد سے اب تک بابر اعظم اور وہاب ریاض سے ملاقات نہیں ہوئی۔

محسن نقوی نے کہا کہ اسٹیڈیم کی اپگریڈیشن بھی بہت بڑا چیلنج ہے۔ بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی میزبانی لاہور میں ممکن نہیں ہے۔ بنگلہ دیش کے خلاف وینیوز میں ملتان ،کراچی اور راولپنڈی شامل ہیں۔ وینیوز اور تاریخیں فائنل ہوچکی ہیں۔ جلد اعلان ہوجائے گا۔

محسن نقوی نے واضح کیا کہ پاکستانی کرکٹرز کے ساتھ ملک میں یا بیرون ملک شائقین کرکٹ بدتمیزی کریں گے تو نتائج کے ذمہ دار وہ خود ہوں گے۔ حارث رؤف کے ساتھ جس نے بدتمیزی کی ہے اس کے پیچھے ایف آئی اے لگوادی ہے۔ حارث رؤف کے ساتھ بدتمیزی کرنے والوں کو دعوت دیتا ہوں۔ جلدی پاکستان آئیں۔ ایف آئی اے ان کا استقبال کرے گی۔

محسن نقوی نے لیگز،سنٹرل کنٹریکٹ اور ڈومیسٹک سے متعلق بھی تفصیلی آگاہ کردیا

انہوں نے کہا کہ لیگز کھیلنے والے کھلاڑی سن لیں پہلے پاکستان بعد میں دوسری چیز ہوگی۔ لیگز کے لیے دو سے زیادہ این او سی نہیں دے سکتے۔ سیریز کے وقت کسی کھلاڑی کو این او سی نہیں مل سکتا۔ 

انہوں نے بتایا کہ سینٹرل کنٹریکٹ کو فٹنس کے ساتھ مشروط کر دیا ہے۔ سنٹرل کنٹریکٹ میں یہ بھی ہوگا کہ جو فٹنس کے معیار پر پورا اترے گا اسے سنٹرل کنٹریکٹ ملے گا۔ سنٹرل کنٹریکٹ میں جس کا جو حق بنتا ہے وہ اس کو مل کر رہے گا۔ سنٹرل کنٹریکٹ میں بھی پوسٹ مارٹم ہوگا۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹرز کے لئے فٹنس ٹیسٹ پاس کرنا لازم ہوگا۔ فٹنس کے اوپر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ٹیم میں سیاست اور گروپنگ کو بھی دیکھ رہے ہیں۔ جو انٹرنیشنل کھلاڑی ڈومیسٹک نہیں کھیلے گا دوبارہ قومی ٹیم میں نہیں آسکے گا۔ جو ڈومیسٹک میں پرفارمنس دے گا وہی قومی ٹیم کا حصہ ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ 20 اور 21 جولائی کو آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں شرکت کے لئے جاؤں گا۔

وہاب ریاض کو میں نے چیف سلیکٹر نہیں بنایا تھا۔ میں نے ان کو چیف سلیکٹر سے صرف سلیکٹر بنایا تھا۔ عنقریب سب کو پتا لگ جائے گا سلیکشن کمیٹی میں کون رہتا کون نہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ ویمن ٹیم کا کوئی وارث نہیں۔ لڑکیوں کی سلیکشن کیسے ہورہی کسی کو پتا ہی نہیں۔ ورلڈ کپ میں ڈریسنگ روم میں کون کھلاڑی انسٹرکشن فالو کررہا تھا کون نہیں سب پتا لگ جائے گا۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ محکمہ داخلہ والے ناراض ہیں کہ آپ پی سی بی کو زیادہ وقت دیتے ہیں۔ ان کو کہا ہے تین سے چار ماہ پی سی بی کو دے دوں خود یہ ٹریک پر آجائے گا۔ شان مسعود کے ساتھ ویڈیو کال ہوئی تھی اسکے ساتھ بھی بات ہوئی کہ کیسے بہتر کیا جاسکتا ہے۔ شان مسعود کو ہٹانے سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ شان مسعود کے بارے میں بہت لوگوں کی مثبت رپورٹ ملی ہے۔

Watch Live Public News

اسپورٹس رپورٹر

 محمد شکیل خان ایک نوجوان اسپورٹس رپورٹر ہیں جو نہ صرف فیلڈ میں متحرک ہیں بلکہ دنیا بھر میں ہونے والے اسپورٹس ایونٹس اور خصوصا کرکٹ کے حوالے سے اپنے قارئین کو باخبر رکھا اپنا اولین فرض سمجھتے ہیں۔