ویب ڈیسک: وزیراعظم حسینہ واجد کے استعفے کا مطالبہ زور پکڑگیا، شیخ حسینہ واجد دارالحکومت ڈھاکہ چھوڑ کر بھارت فرار ہوئیں اور اب وہ نئی دہلی پہنچ چکی ہیں۔ شیخ حسینہ اور ان کی بہن کو لے کر فوجی ہیلی کاپٹرنے بھارتی ایئرفورس کے اڈے پر لینڈ کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم حسینہ واجد فوجی ہیلی کاپٹر میں بھارت بھاگ گئیں۔
رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ مستعفی ہوچکی ہیں۔وزیر اعظم شیخ حسینہ تقریباً ڈھائی بجے فوجی ہیلی کاپٹر میں بنگا بھون سے روانہ ہوئیں۔ ان کی چھوٹی بہن شیخ ریحانہ بھی ان کے ساتھ تھیں۔
ذرائع کے مطابق وہ بھارت کے شہر اگرتلہ پہنچ گئی ہیں ۔
یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش میں پُرتشددمظاہروں میں 300 سےزائد اموات،کرفیو نافذ
شیخ حسینہ کے مستعفی ہونے کی خبروں پر مظاہرین کی طرف سے جشن منایا گیا۔ انھوں نے وزیر اعظم کی رہائش گاہ میں داخل ہو کر توڑ پھوڑ کی ہے۔ ڈھاکہ سمیت ملک بھر میں فوج کے دستے تعینات کیے گئے ہیں۔
ملک میں طلبہ کی سول نافرمانی تحریک جاری ہے۔ اور کرفیو کے باوجود ملک بھر سے لاکھوں مظاہرین بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کی طرف رواں دوان ہے ۔
احتجاج کے دوران ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز معطل کر دی گئی ہیں۔
ہلاک ہونے والوں میں کم از کم 13 پولیس افسران بھی شامل ہیں۔ پورے ملک میں پُرتشدد واقعات روکنے کے لیے کرفیو نافذ ہے۔
جولائی میں شروع ہونے والا طلبہ کا احتجاج بنیادی طور پر سرکاری نوکریوں میں کوٹا سسٹم کے خلاف تھا مگر یہ جلد حکومت مخالف تحریک میں بدل گیا۔
اب تک بنگلہ دیش کے پُرتشدد واقعات میں کم از کم 280 افراد کی ہلاکت ہوئی ہے۔
ادھر بنگلادیش کے آرمی چیف جنرل وقار الزمان نے مسلح افواج کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی حالت میں عوام کی جان و مال اور اہم ریاستی اداروں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلادیش کے آرمی چیف نے کہا کہ فوج عوام کے اعتماد کی علامت ہے اور اسے ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔ ہم ہمیشہ اپنے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
بنگلادیشی آرمی چیف نے مزید کہا کہ ہماری افواج عوام کی حفاظت کی خاطر اور ریاست کی کسی بھی ضرورت کے لیے مستعد اور مکمل طور پر تیار ہیں۔
بنگلا دیش کی فوج ہمیشہ عوام کے مفاد اور ریاست کی کسی بھی ضرورت کے موقع پر اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔
انہوں نے افسران کو سوشل میڈیا پر پھیلنے والی افواہوں سے باخبر رہنے کے لیے رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہر ڈپارٹمنٹ اپنے فرائض ایمانداری اور خلوص نیت سے ادا کریں۔
دوسری جانب وزیرِ اعظم شیخ حسینہ کے بیٹے سجیب واجد جوئے نے ملک کی سیکیورٹی فورسز سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی ’غیر منتخب حکومت‘ کا راستہ روکیں۔
امریکا میں مقیم سجیب واجد نے پیر کو اپنی فیس بک پوسٹ فوج کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک اور آئین کی حفاظت آپ کی ذمے داری ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ملک میں ترقی اور خوشحالی کا سفر جاری رہنا چاہیے اور فوج کی ذمے داری ہے کہ وہ کسی بھی غیر منتخب حکومت کے قیام کو روکے۔