آرمی چیف کا ملک میں عبوری حکومت بنانے کااعلان

آرمی چیف کا ملک میں عبوری حکومت بنانے کااعلان
کیپشن: آرمی چیف کا ملک میں عبوری حکومت بنانے کااعلان

ویب ڈیسک: بنگلا دیش کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل وقار الزمان وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کے مستعفی ہونے کے بعد قوم سے خطاب کر تے ہوئے کہا ہے کہ عوام فوج پر بھروسہ رکھے حالات ٹھیک ہوجائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق بنگلا دیش کے معیاری وقت کے مطابق دن کے 4 بجے ٹیلی وژن پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے جنرل وقارالزماں نے کہا کہ عبوری حکومت میں تمام سیاسی جماعتوں کو نمائندگی دی جائے گی۔

جنرل وقارالزماں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں سے بارآور مذاکرات اور اتفاقِ رائے کے نتیجے میں ہم عبوری حکومت کے قیام کے فیصلے تک پہنچے ہیں۔ اب ہم ملک کو لاحق سیاسی بحران کے خاتمے کے لیے صدرِمملکت محمد شہاب الدین سے بات کریں گے۔

بنگلا دیشی کے آرمی چیف نے طلبہ سے کہا کہ وہ تشدد ترک کریں۔ ساتھ ہی انہوں نے یقین دلایا گیا کہ سرکاری ملازمتوں میں کوٹے کے خلاف اُن کی تحریک کے دوران جو لوگ ریاستی اداروں کے ہاتھوں جان سے گئے ہیں ان کے حوالے سے انصاف کیا جائے گا۔ 

بنگلا دیشی آرمی چیف نے اپنے خطاب میں قوم کو بتایا کہ ڈھاکہ یونیورسٹی کے شعبہ قانون کے پروفیسر آصف نذرل سے کہا گیا ہے کہ وہ ایک بیان تیار کریں جس میں طلبہ سے اپیل کی جائے کہ وہ تشدد ترک کردیں۔

جنرل وقارالزماں کا کہنا تھا کہ شیخ حسینہ نے استعفیٰ ے دیا ہے اور ملک چھوڑ گئی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے موقع پر عوامی لیگ کے ارکانِ اسمبلی بھی موجود تھے۔