(ویب ڈیسک )بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) عمران خان نے کہا ہے کہ نئی ترامیم سے ملک کا مستقبل تباہ ہو جائے گا، آئینی ترمیم کا مقصد صرف مجھے جیل میں رکھنا ہے۔
اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئینی عدالت اس لیے بنانا چاہ رہےہیں کہ یہ سپریم کورٹ سے ڈرے ہوئے ہیں۔ حکمرانوں نے عدلیہ کا بیڑا غرق کرنے کا فیصلہ کیا ہے، الیکشن فراڈ چھپانے کیلئے یہ سب کچھ کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ڈرے ہوئے ہیں اگر الیکشن کھل گیا تو سب کچھ ریورس ہو جائے گا، یہ سمجھتے ہیں ہم اس کے خلاف خاموش رہیں گے، ہم بھرپور احتجاج کریں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ نئی ترامیم سے ملک کا مستقبل تباہ ہو جائے گا، آئینی ترمیم کا مقصد صرف مجھے جیل میں رکھنا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند دنوں سے حکومت اتحاد اور جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے مابین آنیاں جانیاں، رابطے اور جوڑ توڑ سب ناکام ہوگئے اور آج قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا گیا ہے جس کا مطلب ہے کہ آئینی ترامیم غیر معینہ مدت کیلئے مؤخر کردی گئیں۔
گزشتہ رات وزیر دفاع خواجہ آصف نے اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے آئنی ترامیم میں حکومت کا ساتھ نہیں دیا ۔