(ویب ڈیسک ) وزیرِ اعظم محمدشہبازشریف نے پاکستان کی جانب سے دولت مشترکہ اور اس کے چارٹر پر عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سموئہ میں دولتِ مشترکہ کے حکومتی سربراہان کے اجلاس سے دولت مشترکہ کے رکن ممالک کے مابین مختلف امور بالخصوص پائیدار ترقی، جمہوری اداروں کی مضبوطی اور دولت مشترکہ کے نوجوانوں کی ترقی کیلئے تعاون کو فروغ ملےگا۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے برطانیہ کے شاہ چارلس سوم نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ شاہ چارلس سوم نے وزیرِ اعظم کو اکتوبر میں سموئہ میں منعقد ہونے والے دولت مشترکہ کے حکومتی سربراہان کے اجلاس (سی ایچ او جی ایم) میں شرکت کی باقاعدہ دعوت دی۔ دعوت کو قبول کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ سموئہ میں دولت مشترکہ کے رکن ممالک کے حکومتی سربراہان کے اجلاس کا انعقاد دولت مشترکہ کی تاریخ کا ایک اہم اجلاس ہوگا کیونکہ شاہ چارلس کی بادشاہت سنبھالنے کے بعد یہ پہلا دولتِ مشترکہ کا اجلاس ہوگا جس کی وہ بذات خود صدارت کریں گے۔
وزیرِ اعظم نے پاکستان کے دولت مشترکہ اور اس کے چارٹر پر عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ سموئہ میں دولتِ مشترکہ کے ممالک کے مابین مختلف امور بالخصوص پائیدار ترقی، جمہوری اداروں کی مضبوطی اور دولت مشترکہ کے نوجوانوں کی ترقی کیلئے تعاون کو فروغ دے گا۔ شاہ چارلس سوم کی ماحولیاتی امور میں خصوصی دلچسپی اور موسمیاتی پائیداری کیلئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ سموئہ میں دولت مشترکہ کے قائدین کے ساتھ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوگا۔
وزیرِ اعظم نے بادشاہ چارلس سوم کی صحت بارے دریافت کیا ۔ وزیر اعظم نے پرنسس آف ویلز کا علاج مکمل ہونے پر ان کے لئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ شاہ چارلس سوم کے گزشتہ دورہ پاکستان کا تذ کرہ کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے امید ظاہر کی کہ بادشاہ اور ملکہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔