وفاقی وزیر توانائی انجنیئر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتیں بڑھانے کی قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں ، وفاقی کابینہ نے نیپرا کی 7 روپے 91 پیسے بجلی مہنگی کرنے کی سفارش کی منظوری نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے 12 ماہ میں کم از کم 5 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل کرینگے۔ تربیلا ڈیم میں پانی کی وافر آمد سے بجلی کی پیدوار میں اڑھائی ہزار میگاواٹ اضافہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عیدالاضحی اور بعد میں لوڈشیڈنگ میں 50 فیصد کمی آئے گی۔ افغانستان سے کوئلہ درآمد جاری ہے۔ عید کے بعد پاکستان کا اعلٰی سطح وفد افغانستان کا دورہ کریگا جس میں 24 گھنٹے کوئلہ درآمد کی استدعا کی جائے گی۔ وہ گذشتہ روز پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان کے درمیان تجارتی تعلقات بڑھانے کا ایک نیا دروازہ کھلا ہے۔ نیلم جہلم پاور پراجیکٹ میں تعطل آیا ہے۔ یہ ایک مشکل منصوبہ ہے۔ تعطل کو تلاش کیا جا رہا ہے۔ وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر نے کہا کہ گذشتہ پانچ دنوں میں تربیلا ڈیم میں پانی کی کثیر مقدار آچکی ہے، یکم جولائی کو 1125 میگا واٹ کی پیدوار تھی اس میں اڑھائی ہزار میگا واٹ بجلی کی پیدواری صلاحیت میں اضافہ ہوا ہے، اس وقت بجلی کا شارٹ فال جو اوسط 4 سے 5 ہزار میگاواٹ ہے اس میں 50فیصد کمی آئے گی ،موسم کی بہتر کی وجہ سے طلب میں کچھ کمی آئی ہے ،انشااللہ عیدالاضحی کے دنوں میں پاکستان کے عوام کو لوڈ شیڈنگ میں واضح کمی محسوس ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں نیوکلیئر پاور پلانٹ کی ریفلنگ کا عمل جاری ہے ،اس میں جلدبازی ممکن نہیں ،امید ہے کہ عیدالاضحی سے قبل مزید 1100میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہو جائے گی۔ اس وقت بہت سے ایسے پلانٹس جو گیس پر چل سکتے تھے انھیں دیگر ایندھن پر چلایا جا رہا ہے تاکہ بہترین پیدواری صلاحیت حاصل ہو سکے۔ بعض جگہوں پر عارضی خلل آتا ہے تا ہم بہتر نگرانی کی وجہ سے جلدی رپیئرنگ ہورہی ہے۔