وزیر اعظم کا جی ایچ کیو کا الوداعی دورہ، یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی

وزیر اعظم کا جی ایچ کیو کا الوداعی دورہ، یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی
راولپنڈی: وزیر اعظم شہباز شریف نے جی ایچ کیو کا الوداعی دورہ کیا اور یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے جی ایچ کیو کا الوداعی دورہ کیا۔ چیف آف آرمی سٹاف نے وزیراعظم کا استقبال کیا، وزیراعظم سے پرنسپل اسٹاف آفیسرز نے ملاقات کی اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی،وزیراعظم آرمی آڈیٹوریم میں شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی بھی تھے، وزیر اعظم نے شہداء، غازیوں اور ان کے خاندانوں کو مادر وطن کے دفاع کے لیے ان کی لاتعداد قربانیوں اور خدمات پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم نے ملک کی علاقائی سالمیت اور پاکستان میں دہشت گردی کی لعنت سے لڑنے میں مسلح افواج کے کردار کو سراہا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا شہداء اور غازی ہمارا فخر ہیں، شہدا اور غازیوں کی عزت و تکریم ہر پاکستانی پر لازم ہے، پاکستان میں امن ہمارے بہادر بیٹوں کی لازوال قربانیوں کا نتیجہ ہے، پاکستان کے لیے اپنے پیاروں کی قربانی دینے پر ان کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ ہمارا دلی فریضہ ہے کہ ہم ہر پاکستانی کی خوشحالی اور بھلائی کے لیے اپنے شہداء اور غازیوں کی عظیم قربانیوں کا ادراک کریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ جن لوگوں نے شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کی، ان کے منہ اس ملک کی تاریخ میں سیاہ رہیں گے۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ وزیراعظم نے شہداء کے 70 خاندانوں اور 30 جنگی زخمیوں میں خصوصی مالی امداد کے چیک تقسیم کئے، وزیراعظم نے شہدا کے وارڈز میں تعلیمی سرگرمیوں کے تحت لیپ ٹاپ بھی تقسیم کیے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔