اینکر عمران ریاض جوڈیشل ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

اینکر عمران ریاض جوڈیشل ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
چکوال: عدالت نے صحافی عمران ریاض کو جوڈیشل ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ آج جمعہ کو چکوال کے مجسٹریٹ کی عدالت میں صحافی عمران ریاض کی پیشی ہوئی، عمران ریاض نے جج کے سامنے بیان دیا کہ انھیں اپنی تقریر پر کوئی افسوس نہیں۔ عمران ریاض کے وکیل علی اشفاق ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا ریاست کی ایک پالیسی پر اعتراض کی قیمت مشکوک افراد کے ذریعے 18 ایف آئی آرز کی صورت میں سامنے آئی، عمران ریاض کی پوری تقریر میں اداروں کے خلاف کوئی بات نہیں۔ وکیل نے دلائل پیش کرتے ہوئے کہا یہ کیس عمران ریاض خان کا نہیں بلکہ عدلیہ کی عزت اور وقار کا ہے کہ جج صاحبان آزادانہ فیصلے کرتے ہیں یا نہیں؟ جبکہ سرکاری وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا آئین اداروں سے اختلاف رائے کی اجازت نہیں دیتا۔ عمران ریاض خان نے عدالت کے روبرو اپنے بیان میں کہا کہ مجھے رجیم چینج سیمینار میں کی گئی اپنی تقریر پر کوئی افسوس نہیں اور میں اپنی بات پر قائم ہوں۔پٹرول مہنگا ہے لیکن پولیس کی 10گاڑیاں میرے ساتھ سفر کرتی ہیں، سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے۔ پولیس کی جانب سے صحافی عمران ریاض کے جسمانی ریمانڈ کیلئے استدعا کی گئی تاہم عدالت نے صحافی کے دلائل مکمل ہونے پر جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے جوڈیشل ریمانڈ دیا جس کے بعد لاہور پولیس عمران ریاض خان کو لے کر روانہ ہو گئی۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔