ویب ڈیسک: فرانس نے القاعدہ کے بانی اسامہ بن لادن کے بیٹے عمر بن لادن کو ملک بدر کر دیا ہے جبکہ ان کے واپس آنے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عمر بن لادن کئی برس سے فرانس کے گاؤں نو منڈی میں رہائش پذیر تھے جنہیں سوشل میڈیا پر کمنٹس پوسٹ کرنے کے بعد اس کارروائی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ان کے اس تبسرے کو دہشت گردی کی پذیرائی سمجھا جا رہا ہے۔
فرانس کے وزیرِ داخلہ برونو ریٹیلو نے کہا ہے کہ انہوں نے عمر بن لادن کے فرانس میں پابندی سے متعلق حکم پر دستخط کیے ہیں۔
ان کے مطابق عمر بن لادن کو پہلے ہی ملک بدر کر دیا گیا تھا۔انہوں نے ملک بدری کا وقت نہیں بتایا اور نہ ہی یہ تفصیل بیان کی کہ انہیں کہاں بھیجا گیا ہے۔
برونو ریٹیلو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر لکھا کہ "مسٹر بن لادن کئی برس سے اون ریجن میں ایک برطانوی شہری کے شریکِ حیات کے طور پر رہ رہے تھے۔ انہوں نے 2023 میں اپنے سوشل نیٹ ورکس پر کمنٹس کیے جو دہشت گردی کی پذیرائی کرتے ہیں۔"
ان کے بقول انتظامی پابندی اس بات کو یقینی بنائے گی کہ عمر بن لادن کسی بھی وجہ سے فرانس واپس نہ آسکیں۔
فرانس کے ایک ہفت روزہ اخبار کے مطابق عمر بن لادن فرانسیسی حکام کی نظر میں اس وقت آئے جب انہوں نے اپنے والد کی سالگرہ پر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عمر بن لادن نے اپنی جلاوطنی پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔