تعلیم کا فروغ سیلیکٹڈ حکومت کی ترجیح نہیں: بلاول

تعلیم کا فروغ سیلیکٹڈ حکومت کی ترجیح نہیں: بلاول

کراچی(پبلک نیوز)‌پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عالمی یوم خواندگی پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ تعلیم ہر بچے کا حق ہے.

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان میں اسکول جانے کی عمر کے دو کروڑ سے زائد بچوں کا اسکول سے باہر ہونے پر شدید تشویش ہے، موجودہ سلیکٹڈ حکومت ہو یا ماضی کی غیرجمہوری حکومتیں، خواندگی کا فروغ اُن کی ترجیحات میں شامل نہیں رہا، خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان کا تعلیم کے میدان میں صرف افغانستان سے آگے ہونا، لمحہ فکریہ ہے، ریاست کا یہ فرض ہے کہ تعلیم کو سب کے لیے، خصوصاً بچیوں کے لیے، یکساں طور پر قابلِ رسائی بنائے، کوروناوائرس جیسی عالمی وباء کے بعد تعلیمِ بالغان اور غیر رسمی تعلیم جیسے پروگرامز کو جدید خطوط پر استوار کرنا حالات کا تقاضا ہے.

بلاول بھٹو زرداری نے کہا موجودہ حکومت کا ایجنڈا خواندگی میں اضافہ نہیں، سلیکٹڈ حکومت کی توجہ کا محور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور اس کے تحت وسیلہ تعلیم پروگرام کا نام تبدیل کرنا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کے ادوار حکومت میں شعبہ تعلیم میں نمایاں و بنیادی اقدامات اٹھائے گئے، ملک میں سب سے زیادہ اسکول اور یونیورسٹیوں کا قیام قائدِ عوام، شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور مردِ حر کے ادوار میں ہوا، سندھ کی عوامی حکومت نے اپنی بجیٹ میں سب سے زیادہ فنڈز 277.5 ارب روپے محکمہ تعلیم و خواندگی کے لیئے رکھے.

بلاول نے کہا تعلیم کا فروغ پاکستان پیپلز پارٹی کی ہمیشہ اولین ترجیحات میں سے ایک ہے، پی پی پی آئندہ الیکشن میں کامیاب ہوکر شرح خواندگی میں اضافے کے لیئے اپنی کاوشوں کو ازسرِ نو بحال کرے گی. وہ کاوشیں جو گذشتہ 8 سالوں سے سردخانے کی نذر ہیں.

مصنّف پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات سے فارغ التحصیل ہیں اور دنیا نیوز اور نیادور میڈیا سے بطور اردو کانٹینٹ کریٹر منسلک رہے ہیں، حال ہی میں پبلک نیوز سے وابستہ ہوئے ہیں۔