اسلام آباد (پبلک نیوز) قومی اسمبلی وفاقی بجٹ 2021 سے قبل انتہائی اہم اجلاس، اپوزیشن کے احتجاج کے باوجود مختلف ترامیمی بل منظور کر لیے گئے۔ اپوزیشن کی جانب سے کورم کی بھی نشاندہی کی گئی۔ بار بار نشاندہی پر ڈپٹی سپیکر نے جھاڑ پلا دی۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں انتخابات دوسری ترمیم بل 2021 کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔ اپوزیشن کے احتجاج کے باوجود بل منظور کیا گیا۔ اپوزیشن کی جانب سے 'کورم کورم' کی نعری بازی کی جاتی رہی۔
قومی اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے کورم کی نشاندھی پر ڈپٹی اسپیکر برہم ہو گئے۔ انھوں نے کہا کہ آپ مجھے تنگ کرتے ہیں۔ ابھی کورم کی گنتی ہوئی ہے۔
ڈپٹی اسپیکر نے کورم کی نشاندھی کو مسترد کردیا۔ اپوزیشن ارکان نے اسپیکر روسٹرم کا گھیراؤ کرلیا۔ کورم کورم کی نعرے بازی کی جاتی رہی۔
اپوزیشن کے شور شرابہ کے دوران انتخابات ایکٹ 2017 میں دوسری ترمیم کا بل منظور کرلیا گیا۔ قومی اسمبلی میں پورٹ قاسم اتھارٹی ترمیمی بل 2021 منظور کیا گیا۔ بل وفاقی وزیر علی زیدی نے پیش کیا۔
اجلاس کے دوران پاکستان قومی جہاز رانی کارپوریشن ترمیمی بل 2021 منظور کیا گیا۔ یہ بل بھی وفاقی وزیر علی زیدی نے پیش کیا۔ انھوں نے قومی اسمبلی میں گوادر پورٹ اتھارٹی ترمیمی بل 2021 بھی پیش کیا جو منظور کر لیا گیا۔
قومی اسمبلی اجلاس میں بار بار کورم کی نشاندہی کرنے پر ڈپٹی سپیکر قاسم سوری نے اپوزیشن ارکان کو جھاڑ پلا دی۔