(ویب ڈیسک ) ایران کے اسرائیل پر حملے کے پیش نظر امریکی صدر جوبائیڈن نے اسرائیل کو ہر مملکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔
امریکا کے صدر جو بائیڈن نے اسرائیل کو خبر دار کیا ہے کہ ایران شام میں اسرائیلی حملے کے جواب میں اسرائیل پر حملے کی تیاری کر رہا ہے۔اس کے ساتھ انہوں نے اس بات کا یقین دلایا ہے کہ ایران کے حملے کی صورت میں واشنگٹن انہیں مکمل طور پر سپورٹ کرے گا۔
جوبائیڈن نے کہا ہے کہ امریکا اسرائیل کی سلامتی کے لیے جو کر سکا کرے گا۔
واضح رہے کہ 1 اپریل کو اسرائیل نے شام میں ایران کی سفارتی تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا ، جس میں پاسداران انقلاب کے اہم کمانڈر سمیت کئی سفارتی اہلکار شہید ہوئے تھے۔
جس کے بعد ایران کے سپریم کمانڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے بیان میں کہا تھا کہ ایران شام میں سفارتی تنصیبات پر حملے کو ایران پر حملہ تصور کرتا ہے اور اس حملے کا جواب ضرور دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شیطانی ریاست کو ضرور سزا ملنی چاہیے اور ملے گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا تھا کہ وہ غزہ میں جنگ کی اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی پالیسی سے اختلاف کرتے ہیں۔