بھارتیا جنتا پارٹی کے رہنما کے بیٹے کی لاہور کی لڑکی سے شادی

بھارتیا جنتا پارٹی کے رہنما کے بیٹے کی لاہور کی لڑکی سے شادی

ویب ڈیسک:پاکستان اور بھارت کے درمیان سیاسی کشیدگی کی وجہ سے حالات خراب ہیں مگر دونوں ممالک کے لوگ اب بھی ایک دوسرے سے ملنے، رسم و رواج دیکھنے کو بے چین ہیں،دونوں ممالک کے علیحدہ ہونے کے بعد کئی خاندان بھی تقسیم ہوگئے تھے، تاہم وہ اپنے پیاروں سے رابطے میں ہیں، جس کا ثبوت گزشتہ روز ہونے والی آن لائن شادی سے ملتا ہے۔ 

تفصیلات کےمطابق بھارت کی حکمران جماعت بھارتیا جنتا پارٹی ( بی جے پی) کے رہنما کا بیٹا پاکستانی لڑکی پر دل ہار بیٹھا اور دونوں کی آن لائن شادی کی تقریب نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کرلی۔ 

جونپور کے مخدوم شاہ اڈہن کےرہائشی و بی جے پی کے کارپوریٹر تحسین شاہد نے ایک سال قبل اپنے بڑے بیٹے محمد عباس حیدر کی شادی اپنی رشتہ دار عندلیب زہرا سے طے کی تھی جو لاہور کی رہائشی ہیں۔

درخواست دینے کے باوجود دلہا دو پڑوسی ممالک کے درمیان جاری سیاسی کشیدگی کی وجہ سے ویزا حاصل کرنے سے قاصر تھا، تحسین شاہد نے لاہور اپنی بہن سے گفتگو کر کے  آن لائن نکاح  کرانے کی درخواست کی اور آخرکار امام بارگاہ کلو مرحوم میں تحسین شاہد اپنے ساتھ سیکڑوں باراتیوں کو لے کر پہنچے اور ٹی وی اسکرین پر سب ہی کے سامنے آن لائن نکاح کروا دیا۔

عالم دین مولانا محفوظ الحسن خان نے نکاح پڑھانے کے بعد بتایا کہ دین اسلام میں لڑکی کی اجازت ضروری ہے، تو دونوں مولانا اکٹھے بیٹھ کر نکاح کرا سکتے ہیں،چنانچہ جمعے کی رات باراتیوں کو جمع کر کے آن لائن نکاح کی تقریب ہوئی جس میں لاہور سے دلہن کے اہل خانہ نے شرکت کی۔

نوجوان عباس حیدر نے اُمید ظاہر کی کہ ان کی اہلیہ کو بغیر کسی پریشانی کے بھارتی ویزا مل جائے گا، شادی کی تقریب میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے قانون ساز کونسل (ایم ایل سی) کے رُکن برجیش سنگھ پرشو اور دیگر مہمانوں نے شرکت کی اور دولہے کے خاندان کو مبارکباد دی۔

Watch Live Public News