امریکی لڑکی چترال کے لڑکے کو دل دے بیٹھی، سات سمندر پار سے آکر شادی رچا لی

امریکی لڑکی چترال کے لڑکے کو دل دے بیٹھی، سات سمندر پار سے آکر شادی رچا لی
کیپشن: امریکی لڑکی چترال کے لڑکے کو دل دے بیٹھی، سات سمندر پار سے آکر شادی رچا لی

ویب ڈیسک: پپ جی گیم پر تین برس کی دوستی کو رشتے میں بدلنے کے لیے 18 سالہ امریکی لڑکی پاکستان پہنچ کر چترالی نوجوان سے نکاح کے بندھن میں بندھ گئی۔

تفصیلات کے مطابق فلورز سارہ نامی امریکی خاتون دو روز قبل خیبرپختونخوا کے ضلع چترال پہنچیں جہاں انہوں نے گزشتہ روز منگل کو اپنے 23 سالہ دوست شہاد حسین کے ساتھ نکاح کر لیا۔

چترال پولیس کے مطابق شہاد حسین اور فلورز سارہ کی نکاح تقریب 19 نومبر کو چترال کے ایک نجی ہوٹل میں منعقد ہوئی اور شاہی مسجد چترال کے خطیب مولانا خلیق الزمان نے ان کا نکاح پڑھایا۔

خطیب مولانا خلیق الزمان نے بتایا کہ ’ لڑکی کی رضامندی سے نکاح پڑھایا اور اس موقع پر فلورز سارہ کی والدہ بھی موجود تھیں۔ لڑکی کے نام میں سارہ پہلے سے موجود تھا اس لیے نام میں تبدیلی نہیں کی۔‘

فلورز سارہ اپنی والدہ کے ہمراہ دو روز قبل  ٹورسٹ ویزے پر پاکستان پہنچی تھیں اور دونوں نے لوئر چترال کے ایک نجی ہوٹل میں قیام کیا۔ پولیس کے مطابق اسی ہوٹل میں چترالی نوجوان کے ساتھ نکاح کی تقریب منعقد ہوئی نوجوان کا تعلق چترال کے علاقے مروئی سے ہے۔

رئیس الدین نے کہا کہ دونوں کی شادی بڑی دھوم دھام سے اور روایتی طریقے سے ہوئی۔ لڑکی کو روایتی دلہن کی طرح تیار کیا گیا جبکہ ان کی والدہ کو مقامی لباس پہنا کر مہندی لگائی گئی۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ ’اس شادی میں پورے گاؤں کو مدعو کیا گیا تھا اور امریکی دُلہن کا سن کر دور دراز کے علاقوں سے بھی خواتین نے شادی میں شرکت کی۔‘

Watch Live Public News