اسلام آباد اور پنجاب میں موسم سرما کی تعطیلات کب ہوں گی؟

اسلام آباد اور پنجاب میں موسم سرما کی تعطیلات کب ہوں گی؟
کیپشن: اسلام آباد اور پنجاب میں موسم سرما کی تعطیلات کب ہوں گی؟

ویب ڈیسک: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور پنجاب میں موسم سرما کی تعطیلات کے حوالے سے اعلان جلد متوقع ہے۔

فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن (ایف ڈی ای) کی جانب سے آئندہ چند ہفتوں میں اسلام آباد کے اسکولوں اور کالجوں کے لیے موسم سرما کی تعطیلات کے شیڈول کا اعلان کیے جانے کا امکان ہے۔

عام طور پر فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کی جانب سے انتہائی سرد موسم کے دوران ایک ہفتے کی تعطیلات ہوتی ہیں۔

رواں سال معمول کی سردی میں تاخیر کے سبب امکان ہے کہ 21 دسمبر سے 29 دسمبر تک موسم سرما کی تعطیلات ہوں گی، اسکول 30 دسمبر کو دوبارہ کھلیں گے تاہم ایک امکان یہ بھی ہے کہ تعطیلات میں 31 دسمبر تک توسیع کی جائے گی، اسکول یکم جنوری 2025 کو دوبارہ شروع ہوں گے۔

توقع ہے کہ موسم سرما کی تعطیلات کے بعد فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کی جانب سے اسکول کے تدریسی اوقات پر نظر ثانی جائیگی۔

دوسری جانب صوبہ پنجاب میں محکمہ اسکولز ایجوکیشن کی جانب سے بھی جلد ہی موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان متوقع ہے جبکہ پنجاب میں سخت موسمی حالات کے پیش نظر دسمبر میں اسکول 2 ہفتوں کے لیے بند رہتے ہیں۔

پنجاب میں اس سال موسم سرما کی تعطیلات 21 دسمبر سے شروع ہونے کا امکان ہے، اسکول یکم جنوری کو دوبارہ کھلیں گے۔ تاہم حتمی فیصلہ موسم کی موجودہ صورتحال پر منحصر ہوگا۔

پنجاب میں دسمبر کے دوران اکثر دھند اور درجہ حرارت میں 7 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ کی کمی واقع ہوتی ہے، جس سے طلبہ و طالبات کے لیے کلاسوں میں جانا مشکل ہو جاتا ہے۔

گزشتہ سال صوبائی حکومت نے ابتدائی طور پر 18 دسمبر سے 31 دسمبر تک تعطیلات کا اعلان کیا تھا لیکن بعد میں ان میں 9 جنوری 2024 تک توسیع کر دی تھی۔

Watch Live Public News