ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر مقرر کردیا گیا ہے۔
اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سمیراحمد ایک غیر معمولی منظم پروفیشنل ہیں۔ سمیر احمد میں انتظامی مہارت کے ساتھ ساتھ کرکٹ کے لیے غیر متزلزل جذبہ بھی موجود ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 پاکستان کی عالمی معیار کی کرکٹ کی میزبانی کی صلاحیت کو ظاہر کرے گی۔ دنیا بھر سے کھلاڑیوں اور شائقین کے لیے یہ ایک خوبصورت تجربہ ہوگا کہ وہ کھیل کے لیے اس ملک کے جذبے اور مہمان نوازی کو دیکھ سکیں گے۔
اس موقع پر سمیر احمد سید کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ کے لئے اہم ذمہ داری سنبھالنے کے لئے ُپرجوش ہوں اور اسے اعزاز سمجھتا ہوں۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے پچھلے ایڈیشنز میں جو معیار مقرر کیے گئے تھے ان معیار کو مزید بہتر کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔