ویب ڈیسک: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے اور ٹی 20 فارمیٹس کی تازہ پلیئرز رینکنگ جاری کر دی، جس میں متعدد پاکستانی کھلاڑیوں نے نمایاں ترقی کرتے ہوئے عالمی درجہ بندی میں اپنی پوزیشن بہتر بنا لی۔
ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم ایک درجہ ترقی کے بعد چھٹے نمبر پر آ گئے، جبکہ سلمان علی آغا دو درجے بہتری کے ساتھ 16ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔
ون ڈے بیٹرز کی فہرست میں نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ بھارتی کپتان محض ایک ریٹنگ پوائنٹ کے فرق سے دوسرے نمبر پر ہیں۔
ون ڈے باؤلنگ رینکنگ میں پاکستان کے اسپنر ابرار احمد نے دوسری پوزیشن برقرار رکھی، جبکہ قومی کپتان شاہین شاہ آفریدی دو درجے ترقی کے بعد ساتویں نمبر پر پہنچ گئے۔ فاسٹ باؤلر حارث رؤف بھی دو درجے بہتری کے بعد پہلی بار ٹاپ 20 ون ڈے باؤلرز میں شامل ہو گئے۔
ٹی 20 باؤلرز کی درجہ بندی میں بھی ابرار احمد دوسرے نمبر پر برقرار ہیں، جبکہ افغانستان کے راشد خان بدستور پہلی پوزیشن پر قابض ہیں۔ پاکستان کے محمد نواز دسویں اور سلمان مرزا سولہویں نمبر پر موجود ہیں۔
ون ڈے آل راؤنڈرز کی فہرست میں سلمان علی آغا ایک درجہ تنزلی کے بعد 12ویں نمبر پر آ گئے، جبکہ شاہین شاہ آفریدی ایک درجہ ترقی کے ساتھ پہلی بار ٹاپ 20 آل راؤنڈرز میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے۔
دوسری جانب ٹی 20 بیٹنگ رینکنگ میں صاحبزادہ فرحان نے اپنی تیسری پوزیشن برقرار رکھی۔ جبکہ ٹی 20 آل راؤنڈرز کی فہرست میں زمبابوے کے سکندر رضا پہلے، پاکستان کے صائم ایوب دوسرے اور محمد نواز دسویں نمبر پر برقرار ہیں۔
آئی سی سی کی تازہ رینکنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی مجموعی کارکردگی کو قومی ٹیم کے لیے مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جہاں کئی اہم کھلاڑیوں نے مختلف شعبوں میں عالمی سطح پر اپنی پوزیشن مزید مستحکم کی ہے۔