فیفا ورلڈ کپ 2026 تاریخ کا سب سے بڑا فٹبال ٹورنامنٹ بن گیا

فیفا ورلڈ کپ 2026 تاریخ کا سب سے بڑا فٹبال ٹورنامنٹ بن گیا
کیپشن: فیفا ورلڈ کپ 2026 تاریخ کا سب سے بڑا فٹبال ٹورنامنٹ بن گیا

ویب ڈیسک: فیفا ورلڈ کپ 2026 نے باضابطہ طور پر تاریخ کے سب سے بڑے فٹبال ٹورنامنٹ کا اعزاز حاصل کر لیا ہے، جہاں پہلی بار 48 ٹیمیں اور مجموعی طور پر 1248 کھلاڑی عالمی فٹبال کے سب سے بڑے مقابلے میں شرکت کریں گے۔

12 جون سے شروع ہونے والا یہ میگا ایونٹ امریکا، میکسیکو اور کینیڈا کی مشترکہ میزبانی میں منعقد ہوگا۔ ورلڈ کپ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ ٹورنامنٹ تین مختلف ممالک میں کھیلا جائے گا۔

اس بار ایونٹ کا فارمیٹ بھی ماضی کے مقابلے میں نمایاں طور پر تبدیل کیا گیا ہے۔ 48 ٹیموں کو 12 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، جبکہ ہر گروپ میں 4 ٹیمیں شامل ہوں گی۔ نئے فارمیٹ کے تحت شائقین کو زیادہ میچز اور سخت مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔

ورلڈ کپ 2026 میں مجموعی طور پر 104 میچز کھیلے جائیں گے، جو اسے تاریخ کا طویل ترین اور سب سے بڑا عالمی فٹبال ٹورنامنٹ بناتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق ٹیموں اور میچز کی تعداد میں اضافے سے ایونٹ کی سنسنی، مسابقت اور عالمی دلچسپی میں مزید اضافہ ہوگا۔

رپورٹس کے مطابق ٹورنامنٹ میں شریک 1248 کھلاڑیوں میں سے 357 ایسے ہوں گے جو اس سے قبل بھی ورلڈ کپ کا تجربہ رکھتے ہیں، جبکہ 891 کھلاڑی پہلی مرتبہ عالمی فٹبال کے سب سے بڑے اسٹیج پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔

شائقین فٹبال کو امید ہے کہ توسیع شدہ فارمیٹ کے باعث ورلڈ کپ 2026 نئے ریکارڈز، یادگار مقابلوں اور ابھرتے ہوئے ستاروں کے لیے ایک تاریخی ایونٹ ثابت ہوگا۔

Watch Live Public News