علی امین گنڈاپور کا منظر عام پر آتے ہی ایک اور بڑا بیان آگیا

 علی امین گنڈاپور کا منظر عام پر آتے ہی ایک اور بڑا بیان آگیا

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور منظر عام پر آگئے، پشاور میں بار کونسل ایسوسی ایشنز کی تقریب سے خطاب بھی کیا، علی امین گنڈاپور نے کہا کہ نہ میں چاپلوس ہوں، نہ کسی کا چمچہ، نہ کسی کا غلام ہوں، صحافی ہمارے بھائی ہیں، میری کردار کشی پر کچھ بھی بولیں تو خیر ہے۔

وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ جب میں کہتا ہوں کہ کچھ لوگ آئین کی بالادستی، کرپشن پر بات نہیں کرتے پھر میرے پیچھے شروع ہوجاتے ہیں، اگر میں نشاندہی نہیں کروں گا تو اصلاح کیسے ہوگی؟ 

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ نیب احتساب کےلیے نہیں انتقام کےلیے بنی ہے، 6 ماہ سے ایک وزیراعلیٰ کہہ رہا ہے مجھ پر ایک گھنٹے میں 7 اضلاع میں ایف آئی آر ہوئیں، جہاں ایف آئی آر ہوئیں میں وہاں موجود نہیں تھا، لیکن کسی کے کان پر جوں تک نہیں رینگی، وہ پاکستان کے شہری اور آزاد انسان ہیں، انہیں جواب دینا پڑے گا، جواب نہیں ملے گا تو وہ بولیں گے اور پوچھیں گے، آواز اونچی کریں گے۔

وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ وکلاء برادری پر عدل وانصاف کی فراہمی جیسی اہم ترین ذمہ داری عائد ہے، وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جہاں انصاف کا بول بالا ہو، کوئی بھی معاشرہ پرسکون و مطمئن تب ہوتا ہے جب افراد کو حق و انصاف کی فراہمی کا یقین ہو، بد قسمتی سے ہمارا عدالتی نظام افسوسناک حد تک کمزور ہے جسے ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے، اس سلسلے میں وکلاء برادری کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے، وکلاء حق کا ساتھ دیں، انصاف اور میرٹ کے خلاف کسی کیس کا دفاع نہ کریں۔

 انہوں نے کہا کہ قانون کی حقیقی حکمرانی کے بغیر ہم آگے نہیں بڑھ سکتے، جزا و سزا کا منصفانہ نظام نہ ہونے کی وجہ سے بار بار آئین شکنی کی گئی، دو قانون، دو نظام اور دو پاکستان نہیں چل سکتے، سب کےلیے ایک جیسا قانون اور ایک نظام ہونا چاہیے۔

 وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ ہم نے کسی سے انتقام نہیں لیا اور نہ ہی صوبائی اداروں کو ذاتی انتقام کےلیے استعمال کیا،  ہم نفرتیں نہیں پیدا کرنا چاہتے کیونکہ اس کا نقصان ملک کو ہوتا ہے، اپنے حق، انصاف اور حقیقی آزادی کے لیے بات کرنا ترک نہیں کریں گے، آئین ہمیں اجازت دیتا ہے کہ ہم اپنے حقوق کا دفاع کریں۔

  علی امین گنڈاپور نے یہ بھی کہا کہ اللّٰہ کا جن پر زیادہ کرم ہوتا ہے ان پر زیادہ ذمہ داری ہوتی ہے، جابر حکمران کے خلاف آواز بلند کرنا جہاد ہے۔

Watch Live Public News