پی ایس ایل: ملتان سلطانز کو پہلی شکست، لاہور قلندرز کامیاب

پی ایس ایل: ملتان سلطانز کو پہلی شکست، لاہور قلندرز کامیاب
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے میچ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 52 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں پہلی شکست سے دوچار کردیا ہے۔ قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ لاہور قلندرز نے اننگز کا کا آغاز کیا تو جلد ہی عبداللہ شفیق ایل بی ڈبلیو ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد فخر زمان کا ساتھ دینے کامران غلام آئے اور دونوں دوسری وکٹ کے لئے 86 رنز کی شراکت قائم کرکے اپنی ٹیم کے بڑے مجموعے کی بنیاد رکھی۔ اس پارٹنرشپ کا خاتمہ اس وقت ہوا جب کامران 42 رنز بنانے کے بعد عباس آفریدی کی وکٹ بن گئے۔ دوسرے اینڈ سے فخر زمان نے بہترین فارم برقرار رکھتے ہوئے ایک اور نصف سنچری سکور کی اور 37 گیندوں پر 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 60رنز بنائے۔ 3 وکٹیں گرنے کے بعد محمد حفیظ اور فل سالٹ کی جوڑی وکٹ پر اکٹھا ہوئی اور دونوں نے اختتامی اوورز میں جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ دونوں نے چوتھی وکٹ کے لئے 27 گیندوں پر 60 رنز کی شراکت قائم کی۔ حفیظ نے 29 گیندوں پر تین چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 43 رنز بنائے۔ لاہور قلندرز نے مقررہ بیس اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے۔ ملتان سلطانز کی جانب سے انور علی، شاہنواز دھانی، عباس آفریدی اور عمران طاہر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کے اوپنرز جدوجہد کرتے نظر آئے اور ان فارم شان مسعود صرف 8 رنز بنا کر چلتے بنے۔محمد رضوان میچ میں بھی مشکلات سے دوچار نظر آئے اور 27 گیندوں پر 20 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے جبکہ اگلی ہی گیند پر راشد خان نے رائلی روسو کی اہم وکٹ حاصل کر کے سلطانز کو بڑا نقصان پہنچایا۔ صہیب مقصود اور ٹم ڈیوڈ نے سکور 78 تک پہنچایا ہی تھا کہ پاکستانی بلے باز 29 رنز بنا کر حارث رؤف کو وکٹ دے بیٹھے جبکہ ٹم ڈیوڈ کی 24 رنز کی اننگز زمان خان کے ہاتھوں اختتام کو پہنچی۔ خوشدل شاہ نے 22 رنز بنا کر کچھ مزاحمت کی لیکن ان کی یہ کاوش رائیگاں گئی اور ملتان سلطانز کی پوری ٹیم 130رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔ لاہور قلندرز کی جانب سے زمان خان تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور راشد خان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی لاہور قلندرز نے ایونٹ میں چوتھی کامیابی حاصل کر لی جبکہ ملتان سلطانز کو پی ایس ایل میں پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

Watch Live Public News