اداکار الو ارجن ضمانت کے باوجود جیل میں رات گزارنے کے بعد رہا

 اداکار الو ارجن ضمانت کے باوجود جیل میں رات گزارنے کے بعد رہا

ویب ڈیسک : ٹالی وڈ سپر اسٹار اور کروڑوں لوگوں کے دلوں کی دھڑکن پشپا فلم کےاداکار الو ارجن کو جیل میں رات گزارنے کے بعد آج صبح رہا کر دیا گیا۔ 

اداکار الو ارجن کو آج صبح 6:40 بجے حیدرآباد کی چنچل گوڑہ جیل سے رہا کیا گیا۔ اداکار کے والد الو اروِند اور سسر کنچرلا چندر شیکھر ان کی رہائی کے وقت جیل کے باہر موجود تھے۔

الو ارجن کی رہائی کے وقت جذباتی مناظر دیکھنے میں نظر آئے ۔ ان کا استقبال کرنے کے لئے جیل کے باہر ان کی بیوی اور بچےبھی منتظر تھے۔ ان کی اہلیہ سنیہا نے جیسے ہی الو ارجن کو دیکھا تو ان کی آنکھوں میں آنسو آگئے دیکھا گیا۔  جیسے ہی ارجن ان کے قریب آیا، سنیہا نے اسے مضبوطی سے گلے لگایا۔ 

رہائی کے بعد الو ارجن نے میڈیا سے گفتگو میں  کہا کہ وہ قانون کی پاسداری کرنے والے شہری ہیں اور حکام کے ساتھ تعاون کریں گے۔  انہوں  نے کہا،   میں ایک بار پھر اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرنا چاہوں گا۔ یہ ایک افسوسناک واقعہ تھا۔

 ہیرو کوضمانت کے باوجود رات جیل میں کیوں گذارنا پڑی؟

الو ارجن کو کل ہی ہائی کورٹ سے ضمانت مل گئی تھی لیکن عدالتی حکم کی کاپی آن لائن اپلوڈ نہ ہونے کی وجہ سے ان کی رہائی تاخیر کا شکار ہوئی۔ رات کے لیے انہیں کلاس-1 بیرک میں رکھا گیا۔ انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق، اللو ارجن، قیدی نمبر 7697،  کو اپنے رات کے قیام کے دوران جیل کے فرش پر  سونا پڑا۔

مداحوں نے جیل کے باہر احتجاج کیا لیکن صبح ان کی رہائی کے بعد مداح خوش نظر آئے۔ وکیل اشوک ریڈی نے کہا کہ الو ارجن کو کل ہی رہا کیا جانا چاہیے تھا اور وہ اس معاملے کو قانونی طور پر آگے بڑھائیں گے۔

 بھگدڑ میں خاتون کی موت کا افسوسناک حادثہ 4 دسمبر کو حیدرآباد کے ایک تھیٹر میں ہوا جب الو ارجن آدھی رات کو مداحوں سے ملنے وہاں پہنچے۔ 

ان کی موجودگی نے مداحوں کا جوش بڑھا دیا اور تھیٹر میں بھاری بھیڑ جمع ہو گئی۔ بھیڑ کو قابو میں لانے کے لیے پولیس نے ہلکا لاٹھی چارج کیا۔ اس دوران دم گھٹنے سے بے ہوش افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا لیکن ایک خاتون ریوتی کی موت ہو گئی۔ زخمیوں میں ان کا 9 سالہ بیٹا بھی شامل تھا۔ 

 یاد رہے کہ الو ارجن کی فلم ’ پشپا-2‘ نے شائقین کے دل جیت لیے ہیں اور ملک بھر میں ان کے مداحوں کی دیوانگی عروج پر ہے۔

Watch Live Public News