شہباز شریف کی چوہدری برادران سے تعاون کی درخواست

شہباز شریف کی چوہدری برادران سے تعاون کی درخواست
لاہور: تحریک عدم اعتماد کی تحریک سیاسی مخالفین کو قریب لے آئی، مسلم لیگ (ن) اور مسلم لیگ (ق) کے درمیان 22 سال بعد سیاسی رابطہ ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) میاں شہباز شریف کی چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی کی رہائش گاہ پر آمد۔ میاں شہبازشریف نے سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دیگر امور سمیت موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیل سے گفتگو کی گئی۔ میاں شہبازشریف نے اپنی اور میاں نوازشریف کیجانب سے چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی اور اُنکی مکمل صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نے ق لیگ سے عدم اعتماد میں تعاون کی درخواست کی۔ چودھری شجاعت حسین نے ملاقات میں میاں محمد نواز شریف کا شکریہ بھی ادا کیا۔ مسلم لیگ (ن) کے وفد میں ایاز صادق، رانا تنویر، خواجہ سعد رفیق، اور عطا اللّٰہ تارڑ بھی شامل تھے۔ ملاقات میں رکن قومی اسمبلی سالک حسین، شافع حسین بھی شریک ہوئے۔ خیال رہے کہ گذشتہ روز پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان کیا تھا۔ دوسری جانب سابق صدر آصف علی زرادری نے اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو عدم اعتماد کے معاملے پر ساتھ دینے کی یقین دہانی کرادی ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔