روسی خاتون کو اپنی ناک کی پلاسٹک سرجری کروانے کے لیے 3600 ڈالر یعنی 7 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے درکار تھے، اس رقم کے لئے بے رحم ماں نے اپنے نومولود بچے کو فروخت کر دیا۔ مذکورہ عورت نے روس کے جنوبی شہر کاسپیسک کے ایک اسپتال میں 25 اپریل کو بچے کو جنم دیا اور صرف 5 دن بعد اسے ایک مقامی جوڑے جو والدین بننے کے خواہاں تھے ان کو فروخت کر دیا۔ روسی حکام کے مطابق اپنے بچے کو جوڑے کو حوالے کرتے وقت اسے 360 امریکی ڈالر دیے گئے تھے جبکہ 4 ہفتے کے بعد خاتون کو مکمل رقم ادا کی گئی تھی۔بعد ازاں پولیس کو واقعے کی اطلاع مل گئی جس نے اس خاتون کو گرفتار کر لیا۔پولیس کو کس نے اطلاع دی یہ واضح نہیں ہے لیکن نومولود بچے کو گود لینے والے جوڑے اور خاتون کو فوری طور پر حراست میں لے لیا گیا ہے۔ بچے کو گود لینے والے جوڑے نے مبینہ طور پر تفتیش کاروں کو بتایا ہے کہ خاتون نے انہیں بچہ اور اس کا پیدائشی سرٹیفکیٹ دیا تھا جبکہ براہِ راست مکمل رقم لینے سے انکار کر دیا تھا۔