بوسٹر ویکسین کیلئے عمر کی حد میں کمی

بوسٹر ویکسین کیلئے عمر کی حد میں کمی

بوسٹر ویکسین کے لیے عمر کی حد میں کمی کر دی گئی. حکومت نے انسداد کورونا کی بوسٹر ویکسین کی عمر کی حد کم کر کے 18 سال کر دی. فیصلہ این سی او سی کے آج ہونے والے اجلاس میں کیا گیا.

این سی او سی کے مطابق 15 جنوری سے 18 سال کی عمر کے افراد بوسٹر ویکسین لگوا سکتے ہیں، بوسٹر ویکسین پہلی ویکسی نیشن مکمل ہونے کے 6 ماہ بعد لگوائی جا سکتی ہے، حکومت نے عوام کی سہولت کیلئے کورونا کی بوسٹر خوراک بھی بلا معاوضہ رکھی ہے، اس سے پہلے بوسٹر خوراک لگوانے والے شخص کو ایک ڈوز کے بدلے 1270 روپے ادا کرنا پڑتے تھے.

دوسری جانب ملک میں کورونا کا پھیلاؤ پھر سے تیز ہو گیا، 5 ماہ بعد کورونا مثبت کیسز کی شرح 7.2 فیصد سے زائد ریکارڈ کی گئی۔ 3 ہزار 567 نئے کیسز سامنے آ گئے، 7 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، فعال کیسز کی تعداد 26 ہزار سے تجاوز کر گئی، 675 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

ملک میں کورونا کے پھیلاؤ نے پھر خطرے کی گھنٹی بجا دی، ایک روز میں 3 ہزار 567 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 7 اعشاریہ تین چھے فیصد رہی۔ اس سے قبل 16 اگست 2021 کو مثبت کیسز کی شرح 7 اعشاریہ دو چھے فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔

ملک وبا نے مزید 7 زندگیوں کے چراغ بجھا دیئے، اموات کی تعداد 28 ہزار 999 ہوگئی۔ گزشتہ روز 362 افراد صحت یاب بھی ہوئے، اب تک اس وبا کو شکست دینےوالوں کی تعداد 12 لاکھ 60 ہزار 407 ہو گئی۔ 26 ہزار 468 افراد کورونا کے باعث اسپتالوں اور گھروں میں زیرعلاج ہیں، 675 کی حالت تشویشناک ہے۔

کورونا سے بچاؤ کے لیے ویکسی نیشن کا عمل بھی جاری ہے، اب تک دس کروڑ 7 لاکھ سے زیادہ افراد کو کم از کم ایک ڈوز لگ چکی، 7 کروڑ 56 لاکھ سے زیادہ افراد کی ویکسی نیشن مکمل ہو چکی۔

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔