سٹار فٹبالر لیونل میسی سب پر بازی لے گئے

سٹار فٹبالر لیونل میسی سب پر بازی لے گئے
دنیا میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والے کھلاڑیوں میں ایک مرتبہ پھر ارجنٹائن کے سٹار فٹ بالر لیونل میسی سب پر بازی لے گئے ہیں۔ اس سے قبل فوربز نے 2019ء میں بھی لیونل میسی کو سب سے زیادہ کمائی کرنے والا کھلاڑی قرار دیا تھا۔ معروف امریکی جریدے ' فوربز' نے 2021 کے دوران سب سے زیادہ کمائی کرنے والے 10 کھلاڑیوں کی فہرست جاری کی ہے۔ اس فہرست میں باسکٹ بال کھیلنے والے چار، فٹبال کے 3 جبکہ ٹینس، باکسنگ اور امریکی فٹبال کھیلنے والے ایک ایک کھلاڑی کا نام شامل ہے۔ لیونل میسی نے ایک سال کے دوران تیرہ کروڑ ڈالر کی کمائی کی۔ ان کی سالانہ آمدنی میں ساڑھے 7 کروڑ ڈالر وہ تھے جو انہوں نے فٹبال کھیل کر حاصل کئے جبکہ ساڑھے 5 کروڑ ڈالر سپانسرشپ سے کمائے۔ لیونل میسی کے بعد سب سے زیادہ معاوضہ کمانے والے کھلاڑی باسکٹ بال کے امریکی کھلاڑی لیبرون جیمز ہیں۔ لیبرون سمیت امریکا کے 3 باسکٹ بال سٹار اس فہرست میں شامل ہیں۔ سٹیفن کیوری 5ویں جبکہ کیرون ڈیورنٹ چھٹے نمبر پر ہیں جن کی مجموعی آمدن 9 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز سے زیادہ ہے۔ اس لسٹ میں لیونل میسی کے حریف پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو ساڑھے گیارہ کروڑ ڈالر کے ساتھ تیسرے جبکہ برازیلین فٹبالر نیمار ساڑھے 9 کروڑ ڈالر سالانہ آمدنی کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔ ٹینس سٹار راجر فیڈر 9 کروڑ ڈالر کی سالانہ آمدنی کے ساتھ 7ویں جبکہ معمولی فرق سے میکسیکو کے پروفیشنل باکسنگ سٹار کنیلو الوریز 8ویں نمبر پر ہیں۔ امریکن فٹبالر ٹام بریڈی 8 کروڑ 90 لاکھ ڈالرز کے ساتھ 9ویں اور یونان سے تعلق رکھنے والے باسکٹ بال کھلاڑی گینس اینتیتو کونپو اس فہرست میں 10ویں نمبر پر ہیں۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔