ویب ڈیسک: محکمہ ماحولیات پنجاب میں آلودگی کا سبب بننے والوں کے خلاف کارروائی کرنے میں ناکام ہوگیا۔ محکمہ ماحولیات کی کارکردگی کی رپورٹ پبلک نیوز نے حاصل کر لی۔
آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سال 2021-2023 تک آلودگی پھیلانے والے 122 افراد کو تاحال سزائیں یا جرمانے نہیں کیے گئے۔ گزشتہ تین سالوں میں پنجاب انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایکٹ 1997 کے تحت ممنوع مائع فضلہ اور فضائی آلودگی کے 122 کیسز ان فٹ قرار دیے گئے۔
خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے لیے متعلقہ سیکشن کو بھیجا گیا۔ تاحال نہ تو کوئی کارروائی کی گئی اور نہ ہی آلودگی پھیلانے والوں پر کوئی جرمانہ عائد کیا گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جرمانہ عائد نہ کرنا بلا جواز اور ایکٹ 1997 کی خلاف ورزی ہے۔ انتظامیہ آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کرے اور نتائج آڈٹ حکام کے ساتھ شیئر کیے جائیں۔