ضلعی عدلیہ لاہور کے مقدمات کا ریکارڈ آن لائن کر دیا گیا

ضلعی عدلیہ لاہور کے مقدمات کا ریکارڈ آن لائن کر دیا گیا
چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ نے ضلعی عدلیہ کے مقدمات کا ریکارڈ آن لائن کردیا۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہورہائی کورٹ محمد امیربھٹی نے ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم (RMS) اور کیس مینجمنٹ سسٹم موبائل ایپ کو ڈویژنل ہیڈ کوارٹرزپربھی لانچ کردیا۔ جسٹس شجاعت علی خان اور ٹیم کو چیف جسٹس کی جانب سے مبارکباد دی گئی۔ چیف جسٹس لاہورہائی کورٹ کی زیر قیادت ضلعی عدلیہ میں زیر التوا تمام مقدمات کاریکارڈ آن لائن کیا گیا ہے۔ چیف جسٹس لاہورہائی کورٹ محمد امیربھٹی نے ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم (RMS) کا دائرہ کار ڈویژنل ہیڈ کوآرٹرز تک بڑھانے کے احکامات دے دیے۔ چیف جسٹس محمد امیربھٹی کی جانب سے گوجرانوالہ، فیصل آباد، گجرات، راولپنڈی، سرگودھا، ساہیوال، بہاولپور، ڈی جی خان اور ملتان میں بھی ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم لانچ کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ خیال رہے کہ کچھ عرصہ پہلے ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم (RMS) کو بطورپائلٹ پراجیکٹ لاہورمیں لانچ کیا گیا تھا، لاہور میں کامیابی کے بعد صوبہ بھر کے ڈویژنل ہیڈ کوآرٹرز پر ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم کو شروع کیا گیا ہے۔ چیف جسٹس محمد امیربھٹی کا کہنا ہے کہ ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم اور کیس مینجمنٹ سسٹم موبائل ایپ ضلعی عدلیہ میں انقلاب کی حیثیت رکھتے ہیں ان کی بدولت جلد اور معیاری انصاف کی فراہمی کا خواب شرمندہ تعبیرہوگا۔ ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم، کیس مینجمنٹ سسٹم اور CMS موبائل ایپ ڈسٹرکٹ جوڈیشری پنجاب نے اپنی مدد آپ کے تحت بغیر کوئی پیسہ خرچ کیے بنائے ہیں۔ کیس مینجمنٹ سسٹم کے تحت پنجاب بھر کی ضلعی عدلیہ کے تمام تیرہ لاکھ سے زائد مقدمات کا ریکارڈ آن لائن کر دیا گیا ہے۔ آن لائن سسٹم کی وجہ سے نہ صرف زیرِ سماعت مقدمات بلکہ فیصلہ شدہ امثالات سے متعلقہ معلومات وکلاء اور عوام کو آن لائن میسر ہوں گی اور انصاف کی ترسیل کے عمل کو شفاف اور تیز تر بنانے میں معاونت ملے گی۔ دونوں سسٹمز کو چلانے کیلئے مخصوص اسٹاف کو تعینات کیا گیا ہے، تمام متعلقہ اسٹاف کو پنجاب جوڈیشل اکیڈمی کی جانب سے تمام متعلقہ سٹاف کو بذریعہ ویبینار(Webinar) آن لائن تربیتی کورسز بھی کروائے جائیں گے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔