اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست سماعت کے لیے لارجر بینچ کے سپرد کر دی۔ پی ٹَی آئی کے خلاف کارروائی کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ بھی لاجر بنچ ہی کرے گا. اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے الیکشن کمیشن کے ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کی۔ پی ٹی آئی کی جانب سے بیرسٹر انور منصور اور فیصل چوہدری پیش ہوئے۔ پی ٹی آئی کے وکیل انور منصور نے موقف اپنایا کہ الیکشن کمیشن کی فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ ہم نے چیلنج کی ہے، حنیف عباسی کیس میں سپریم کورٹ نے واضح کیا ہے۔ کہا اکاؤنٹس مختلف وجوہات کی بنا پر ظاہر کرنا ضروری نہیں تھا۔ پیسہ یہاں سے گیا ہے اس لیے صوبوں کے اکاؤنٹس میں ظاہر کرنا ضروری نہیں تھا۔ جسٹس عامر فاروق نے کہا جہاں تک مجھے یاد پڑتا ہے یہ ولی خان کیس کے بعد اس نوعیت کا پہلا کیس ہے، اس درخواست پر سماعت کے لیے لارجر بینچ بنا دیتے ہیں، انور منصور نے استدعا کی کہ الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی کے خلاف کسی بھی کارروائی سے روکا جائے۔ عدالت نے کہا کہ یہ معاملہ بھی لارجر بینچ ہی دیکھے گا۔ عدالت نے کیس لارجر بینچ کے سامنے مقرر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 18 اگست تک ملتوی کردی۔