(ویب ڈیسک ) سیکیورٹی خدشات کے باعث اسلام آباد میں پی ٹی آئی جلسے کا این او سی معطل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق چیف کمشنر اسلام آباد کی زیر صدرات محرم الحرام اور دیگر سیکورٹی خدشات کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لئے آج اعلی سطح اجلاس منعقد ہوا ، اجلاس میں سیکورٹی اداروں کے افسران نے بھی شرکت کی۔
ایک سیاسی جماعت دعوت کے با وجود اجلاس میں شریک نہ ہوئی، اجلاس میں جلسے سے متعلق درخواستوں کا جائزہ لیا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر کی طرف سے دی جانے والی اجازت کا موجودہ سکیورٹی خدشات کے تناظر میں از سر نو جائزہ لیا گیا۔
چیف کمشنر اسلام آباد نے درخواستوں، سیکورٹی کی موجودہ صورت حال، محرم الحرام کی آمد، سیکورٹی خدشات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی سفارشات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر کی طرف سے جلسے کا این او سی معطل کرنے کا فیصلہ کیا۔
اس حوالے سے اسلام آباد انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جلسے کے این او سی کی معطلی کا فیصلہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لئے کیا گیا ہے۔ اسلام اباد میں امن عامہ کو برقرار رکھنا اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہماری ترجیح ہے۔
پی ٹی آئی کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان:
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے ڈی سی اسلام آباد کی جانب جلسے کا نوٹیفکیشن معطل کرنے کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما شعیب شاہین کا کہنا ہے کہ ڈی سی اسلام آباد کے پاس ایسا کوئی اختیار نہیں ہے، اسلام آباد انتظامیہ کے فیصلے کے خلاف صبح اسلام آباد ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کریں گے ، پاکستان تحریک انصاف کل ہر صورت جلسہ کرے گی۔