(ویب ڈیسک ) بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان اورعظمیٰ خان ڈی چوک سے گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے بہن علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو اسلام آباد ڈی چوک سے پولیس نے گرفتار کرلیا۔ پولیس علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو وین میں بٹھا کر لے گئی, دونوں بہنوں کو ویمن تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ڈی چوک میں احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے اور مختلف مقامات پر پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں میں آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے۔
ادھر فیض آباد کے مقام پر کارکنوں اور پولیس کے درمیان تصادم کی اطلاعات ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق کارکنوں کی جانب سے پتھراؤ کیا جارہا ہے۔ جس کے جواب میں پولیس کی جانب سے شدید شیلنگ کی جا رہی ہے۔
اسی طرح ڈی چوک میں پولیس کی شیلنگ جاری ہے۔ ڈی چوک میں پی ٹی آئی کارکن پہنچنے لگے ہیں۔ پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
پی ٹی آئی کے احتجاج کے سلسلے میں ڈی چوک کی طرف رواں دواں وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کے قافلے کو روکنے کے لیے موٹر وے پر خندقیں کھود دی گئیں۔
وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی قیادت میں پی ٹی آئی کا قافلہ برہان انٹر چینج پہنچ گیا۔ علی امین گنڈا پور گنڈا پور کا قافلہ جوں ہی برہان انٹر چینج پہنچا تو پنجاب پولیس کی جانب سے ان پر شیلنگ کی گئی۔