(ویب ڈیسک ) شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر ان کے ملک کی خودمختاری کو خطرہ لاحق ہوا تو وہ جنوبی کوریا کے خلاف جوہری ہتھیار استعمال کریں گے۔
اسپیشل فورسز کے تربیتی اڈے کے دورے کے دوران کم نے کہا کہ جنوبی کوریا کی جانب سے شمالی کوریا کی خودمختاری پر تجاوز کرنے کی کوئی بھی کوشش "بغیر کسی ہچکچاہٹ کے ان تمام جارحانہ طاقتوں، بشمول جوہری ہتھیار کو سامنے لائے گی جو اس کے پاس ہیں۔"
کم نے جنوبی کوریا کا سرکاری نام استعمال کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایسی صورت حال آتی ہے تو سیئول اور جمہوریہ کوریا کا مستقل وجود ناممکن ہو جائے گا۔
یادرہے جنوبی کوریا کے صدر یون سک یول نے منگل کو خبردار کیا تھا کہ شمالی کوریا کی طرف سے جوہری ہتھیاروں کا کوئی بھی استعمال " شمالی کوریا کی حکومت کے خاتمے" کا باعث بنے گا۔ انہوں نے جنوبی کوریا اور اس کے امریکی اتحادیوں کی طرف سے پیونگ یانگ کو " سخت اور زبردست ردعمل" کی دھمکی دی تھی۔
یون نے یہ تقریر جنوبی کوریا کے مسلح افواج کے دن پر کی تھی اور سیئول نے اس موقع پر ہایئون مو پانچ بیلسٹک میزائل کی نقاب کشائی بھی کی تھی۔
کم نے یون کی دھمکیوں پر تنقید کرتے ہوئے انہیں "ایک غیر متوازن آدمی" قرار دیا۔