امریکا نے دوبارہ حملہ کیا تو ایسے نئے ہتھیار لائیں گے کہ دنیا دنگ رہ جائے گی: ترجمان پاسدارانِ انقلاب

امریکا نے دوبارہ حملہ کیا تو ایسے نئے ہتھیار لائیں گے کہ دنیا دنگ رہ جائے گی: ترجمان پاسدارانِ انقلاب

(ویب ڈیسک) ایرانی پاسدارانِ انقلاب فورس (IRGC) کے ترجمان جنرل حسین محبی نے واشنگٹن کو سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر امریکا نے ایران کے خلاف دوبارہ حملے شروع کیے تو اس بار ایسے غیر متوقع اور جدید ہتھیار میدان میں لائے جائیں گے جنہیں دیکھ کر پوری دنیا حیران رہ جائے گی۔

جنرل حسین محبی نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ اگر امریکا کی جانب سے دوبارہ جارحیت کا ارتکاب کیا گیا تو ایران اپنے جوابی حملوں میں استعمال ہونے والے ہتھیاروں کی نوعیت اور جنگ کے جغرافیائی دائرہ کار دونوں میں بنیادی تبدیلی لائے گا۔

انہوں نے کہا کہ امریکی جارحیت کا جواب نئے اور جدید ہتھیاروں کے ذریعے بالکل نئے اہداف کو نشانہ بنا کر دیا جائے گا۔ اس بار وہ تنصیبات اور مقامات تہران کے نشانے پر ہوں گے جنہیں ماضی میں کبھی ہدف نہیں بنایا گیا۔

ترجمان کا دعویٰ تھا کہ خطے میں ایرانی میزائلوں اور ڈرونز کی زد میں آنے والے بیشتر امریکی فوجی اڈے مکمل طور پر ناکارہ ہو چکے ہیں، جس کے باعث امریکا کو اپنے فوجیوں اور جنگی ساز و سامان کو دیگر محفوظ مقامات پر منتقل کرنا پڑا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ واشنگٹن میں اتنی ہمت اور اخلاقی جرات باقی نہیں رہی کہ وہ اس خطے میں اپنی تاریخی اور ذلت آمیز شکست کو کھلے دل سے تسلیم کر سکے۔

جنرل حسین محبی نے واشنگٹن کے ساتھ کسی بھی قسم کے پسِ پردہ یا براہِ راست رابطوں کی سختی سے تردید کی۔

انہوں نے دوٹوک مؤقف اختیار کیا کہ امریکا کے ساتھ کوئی رابطہ ہوا ہے اور نہ ہی وہ کسی سفارتی عمل کا حصہ ہیں۔ پاسدارانِ انقلاب ایران کا خالصتاً دفاعی اور عسکری بازو ہے اور اس کا کام سرحدوں کا دفاع کرنا ہے، کسی سفارتی سرگرمی میں الجھنا نہیں۔

Watch Live Public News