ایران پر ڈرٹی بم حملے کی تیاری کا الزام، تہران نے امریکی دعویٰ مسترد کردیا

ایران پر ڈرٹی بم حملے کی تیاری کا الزام، تہران نے امریکی دعویٰ مسترد کردیا
کیپشن: ایران پر ڈرٹی بم حملے کی تیاری کا الزام، تہران نے امریکی دعویٰ مسترد کردیا

ویب ڈیسک: امریکی میڈیا نے انٹیلی جنس ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے واشنگٹن میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں کو نشانہ بنانے کے لیے ڈرٹی بم یا کیمیائی ہتھیار استعمال کرنے کے ممکنہ منصوبے پر غور کیا ہے۔

سی این این سمیت امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کم از کم سات امریکی حکام نے اس مبینہ منصوبہ بندی کی نشاندہی کی ہے، تاہم امریکی حکام میں اس بات پر اختلاف ہے کہ ایران ایسا حملہ کرنے کی صلاحیت یا ارادہ رکھتا بھی ہے یا نہیں۔ ان اطلاعات کو فوری حملے کی تیاری کا ثبوت بھی قرار نہیں دیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق امریکی حکام نے ممکنہ خطرات کے پیش نظر ہنگامی اجلاس کیے ہیں، جبکہ وائٹ ہاؤس کی ترجمان لارین بِس کا کہنا ہے کہ انتظامیہ تمام خطرات پر نظر رکھے ہوئے ہے، تاہم فی الحال امریکا کو کسی قابلِ اعتبار اندرونی خطرے کی نشاندہی نہیں ہوئی۔

دوسری جانب اقوام متحدہ میں ایرانی مشن نے امریکی الزامات کو جھوٹا اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔ ایرانی ترجمان کا کہنا ہے کہ تہران ہر صورت میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کو ناجائز سمجھتا ہے۔

واضح رہے کہ ڈرٹی بم روایتی دھماکا خیز مواد اور تابکار مادے پر مشتمل ہوتا ہے، جس کا بنیادی خطرہ تابکار آلودگی پھیلانا اور خوف و ہراس پیدا کرنا ہے۔

 

Watch Live Public News