لاہور ( پبلک نیوز) لیسکو نے کورونا کی چوتھی لہر کے پیش نظر افسران و ملازمین کے لئے ویکسینیشن کو لازمی قرار دے دیا۔ لیسکو چیف چوہدری محمد امین نے کہا ہے کہ لیسکو کے تمام فنکشنل ہیڈز 31 جولائی تک اپنی اور اپنے اہل خانہ کی ویکسینیشن لازمی کروائیں۔ تمام فنکشنل ہیڈز اپنے زیرانتظام ملازمین اور ان کے اہل خانہ کی بروقت ویکسینیشن کو بھی یقینی بنائیں۔ واپڈا اسپتال لاہور میں قائم شدہ کورونا ویکسی نیشن سینٹر میں لیسکو افسران، ملازمین اور ان کے اہل خانہ با سہولت ویکسی نیشن لگوا سکتے ہیں۔ 31جولائی تک ویکسی نیشن نہ کروانے والے ملازمین کی ماہ اگست سے تنخواہ روک دی جائے گی۔ تمام ملازمین اس مہلک وباء کے خلاف جلد از جلد ویکسی نیشن لگوا کر خود کو اور اپنے اہل خانہ کو محفوظ بنائیں اور ایک ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔