(ویب ڈیسک)بالی وڈ اداکار اکشے کمار نے نامور پنجابی گلوکارہ کی مالی امداد کے لیے انہیں 25 لاکھ روپےبھجوا دیے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اکشے کمار نے بھائی کے طور پر گلوکارہ گلوری باوا کو 25 لاکھ روپےبھجوائے ہیں کیونکہ اس وقت گلوکارہ مالی بحران کا شکار ہیں، گلوری باوا پنجابی لوک گلوکار اور پدم بھوشن گرمیت باوا کی بیٹی ہیں۔
گلوکارہ گلوری باوا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ کے ذریعے اپنی مالی مشکلات کا تذکرہ کیا تھا اور حکومت سے امداد کی اپیل کی تھی،انہوں نے کہا تھا میں چاہتی ہوں مجھے کام ملے اسی لیے مدد مانگی، لوگ مجھ تک پہنچ رہے ہیں، پرامید ہوں کہ جلد ہم جیسے فنکاروں کو بھی خاطر خواہ کام مل جائے گا۔
دوسری جانب اداکار اکشے کمار نے گلوری باوا کے لیے کیے گئے اقدام کو مدد کہنے سے انکار کیا اور کہا کہ یہ ایک بھائی نے اپنی بہن کے لیے کچھ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے مجھے پتہ چلا، گرمیت باوجی، جو پنجابی کی شان تھے ان کے خاندان کو مالی مشکل کا سامنا ہے، میں نے ان کی بیٹی گلوری باوا کو اپنی بہن سمجھ کر پیار کا اظہار کیا ہے۔
اکشے کمار نے کہا کہ یہ کوئی مدد نہیں ہے، ایک پنجابی اور فنکار ہونے کی وجہ سے یہ میرا فرض تھا۔