(ویب ڈیسک )ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 16دسمبر بروز پیرکو طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں صدرمملکت آصف علی زرداری کی طرف سے واپس بھجوائے گئے 8بل زیر غور آئیں گے، اجلاس میں مدرسہ رجسٹریشن سے متعلق “سوسائیٹیز ترمیمی بل” پر بھی غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وزارت قانون کی طرف سے سوسائٹیز ترمیمی بل میں مزید ترامیم لائی جائیں گی۔
واضح رہے کہ سوسائٹیز ترمیمی بل صدر مملکت آصف علی زرداری کی طرف سے پارلیمنٹ کو واپس بھیجا گیا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں ایسے بل بھی زیر غور آئیں گے جو کسی ایک ایوان سے منظور کئے گئے لیکن مقررہ وقت میں دوسرے ایوان نے منظور نہیں کیے۔ صدر مملکت کی طرف سے واپس بھجوائے جانے والے بلوں میں سے بعض سابق صدر عارف علوی نے اعتراضات کے ساتھ بھیجے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں اہم قانون سازی کی جائے گی،اس کے علاوہ نارکوٹکس کنٹرول بل، جنریشن اینڈ ڈسٹری بیوشن آف الیکٹرک پاور سمیت کئی بل قانون سازی کے لئے پیش ہوں گے، عرفان صدیقی کا کوڈ آف کریمنل پروسیجر سے متعلق بل بھی شامل ہے۔