عطاءتارڑ کی حکومت اور پی ٹی آئی کے مابین مذاکرات کی تردید

عطاءتارڑ کی حکومت اور پی ٹی آئی کے مابین مذاکرات کی تردید
کیپشن: عطاءتارڑ کی حکومت اور پی ٹی آئی کے مابین مذاکرات کی تردید

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر اطلاعات عطا رڑ نے ان خبروں کو مسترد کردیا ہے جس میں پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان مذاکرات شروع ہونے کی نوید سنائی گئی تھی۔

ایک نجی چینل پر انٹرویو کے دوران عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی اسد قیصر سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی ہے اور نہ ہی باضابطہ مذاکرات کا کوئی آغاز ہوا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ا پی ٹی آئی رہنماؤں نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ان کی ہمشیرہ کے انتقال پر تعزیت کی تھی جسے لوگوں نے دوسرا رنگ دے دیا۔

عطا تارڑ نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کو پہلے اس بات کی وضاحت دینی ہو گی کہ 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کے پیچھے کون تھا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی باتوں کا کون اعتبار کرے گا؟ ان کا ماضی وعدہ خلافی سے بھرا پڑا ہے، 26 ویں آئینی ترمیم کے موقع پر بھی انہوں نے عین آخری لمحے میں اپنا مؤقف تبدیل کیا تھا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل میڈیا میں خبریں آئیں کہ وفاقی حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان سیاسی تناؤ ختم ہو رہا ہے اور اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی رہائش گاہ پر پی ٹی آئی رہنماؤں کی حکومت کے اہم نمائندوں سے ملاقات ہوئی، عطا تارڑ نے ایسی ملاقاتوں کو باضابطہ مذاکرات ماننے سے انکار کیا۔

Watch Live Public News