اسلام آباد: ( پبلک نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نوجوان نسل میں اعلیٰ اخلاقی اقدار کو فروغ دینا اور انہیں جدید علوم وٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا ہمارا نصب العین ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے مضامین کے لئے وظائف دیئے ہیں جن سے ملکی ترقی کا راستہ متعین ہو۔ سکالرشپ کمپلینٹ پورٹل کے قیام سے طلبہ کی سکالرشپس سے متعلقہ شکایات کا ازالہ ہوگا اور شفافیت آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملک بھر کے طلبہ کے لئے سکالرشپ کمپلینٹ پورٹل کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ جب ہماری حکومت آئی تو طلبہ کو سکالرشپس کے اجرا کے حوالے سے بہت سی شکایات کا سامنا تھا۔ 18 ویں ترمیم کے بعد سکالرشپس کے اجرا کے الگ الگ پروگرام چل رہے تھے۔ ہم نے فیصلہ کیا کہ جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے سکالرشپس کے اجرا کے نظام کو شفاف بنائیں تاکہ طلبا کو میرٹ پر سکالرشپ ملیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایسے مضامین میں شکالرشپ دیئے جائیں جن سے ملکی ترقی کا راستہ متعین ہو۔ ہمیں مختلف شعبوں کی ضروریات اور ملکی تعمیر و ترقی کو مد نظر رکھتے ہوئے تعلیم کے نظام کو وضع کرنا ہو گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ بعض مضامین ایسے ہیں جو موجودہ وقت میں اپنی اہمیت کھو چکے ہیں جبکہ کچھ مضامین ایسے ہیں جن کو پڑھانے کے لئے لوگ ہی نہیں ملتے۔ ہمیں مختلف شعبوں کے لئے پروفیشنلز کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکالرشپس کے اجرا کے لئے ماہرین کی ٹیم ہوگی جو جائزہ لے گی کہ ان شعبوں میں سکالرشپس کی ضرورت ہے۔ ہم نے رحمت اللعالمین ﷺ سکالرشپ متعارف کرایا تاکہ نوجوان نسل کو اس انقلاب سے روشناس کرایا جا سکے جو حضور نبی کریم ﷺ نے مدینہ کی ریاست میں برپا کیا تھا۔ عمران خان نے کہا کہ جو بھی معاشرہ اور ریاست ان اصولوں کو اختیار کرے گی جن کی بنیاد پر مدینے کی ریاست تشکیل دی گئی، وہ خوشحالی اور ترقی کے راستے پر گامزن ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام میں جبر نہیں ہے ہمارا فرض ہے کہ نوجوانوں کو صحیح راستے کے بار ے میں آگاہی فراہم کریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے قیام کا مقصد اسلامی فلاحی ریاست کی تشکیل تھا۔ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم دینے اور اسلامی تعلیمات سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اس طبقے کو اوپر اٹھانے کی کوشش کررہی ہے جس میں آگے بڑھنے کی صلاحیت اور جستجو ہے۔ نمل یونیورسٹی میں غریب گھرانوں کے بچوں نے بہترین کارکردگی کامظاہرہ کیا کیونکہ ان میں آگے بڑھنے کی لگن تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس پورٹل کے قیام سے سکالرشپس کے حوالے سے طلبا کی مشکلات اور شکایات کو دور کرنے میں مدد ملے گی۔