ویب ڈیسک:استحکام پارٹی کے رہنما عون چوہدری نے کہا ہے کہ جب حکومت ترقی کی جانب گامزن ہوتی ہے تو کچھ عناصر ملک کو ترقی کرتا ہوا نہیں دیکھ سکتے، کچھ عناصر اسلام آباد پر یلغار کرنے کا اعلان کررہے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ حقیقی آزادی لیکر جائیں گے۔ یہ اپنے ملک میں ہی انارکی پھیلا رہے ہیں، یہ اپنے بچوں کو کیوں آگے نہیں لاتے؟ آپ سب سے پہلے اپنے بچوں کو آگے رکھیں پھر کے پی کے کے بچوں کو آگے لائیں، ملک دشمن عناصرجلاؤ گھیراؤ کی فضا قائم کرکے عدم استحکام پیداکرنا چاہتے ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عون چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف نے ملک میں نفرت کی فضا پیدا کی۔ایسے کونسے ملک دشمن عناصر ہیں جو جلاؤ گھیراؤ کی فضا پیدا کرتے ہیں؟ نفرتیں چھوڑیں، ہمیں سب سے پہلے اپنے ملک کا سوچنا چاہیئے، آزاد ریاست اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے۔
عون چوہدری نے کہا کہ آج ہماری حکومت کو 9 ماہ ہوگئے ہیں، حکومت ترقی کی جانب گامزن ہے۔ پاکستان میں ڈالر مستحکم ہو رہا ہے، ملک میں مہنگائی کی شرح میں کمی واقع ہوئی ہے۔ حکومت عوام کو سہولتیں مہیا کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں اپنی قوم کو حقائق بتانا چاہتا ہوں۔ کیا اس وقت پاکستان ترقی کی طرف گامزن نہیں ہے؟ کیا موجودہ حالات پہلے سے بہتر نہیں؟ میرے کچھ سوالات ہیں اپنی قوم کے لیے، کیا پاکستان میں ڈالر مستحکم ہوا؟ کیا پاکستان میں ایکسچینج میں بہتری آئی؟ ہمارے عوام کو یہ جاننا چاہیے۔