بھارتی اسپنر روی چندرن ایشون کاعالمی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان 

بھارتی اسپنر روی چندرن ایشون کاعالمی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان 
کیپشن: بھارتی اسپنر روی چندرن ایشون کاعالمی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان 

ویب ڈیسک: بھارتی آف اسپنر روی چندرن ایشون نے عالمی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

ایشون نے بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان ڈرا ہونے والے تیسرے ٹیسٹ کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

38 سالہ آف اسپنر روی چندرن ایشون ٹیسٹ میں بھارت کے دوسرے سب سے زیادہ وکٹ لینے والے بولر کے طور پر ریٹائر ہوئے ہیں۔

انہوں نے بھارت کے لئے 13 سالہ طویل کیریئر  کو 537 وکٹوں کے ساتھ خیر آباد کہہ دیا۔ ایشون نے میچ کے بعد  پریس کانفرنس  کرتے ہوئے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ۔ 

ایشون کے مستقبل کے بارے میں قیاس آرائیوں نے اس وقت زور پکڑا  جب ایک براہ راست نشریات پر کمنٹری کے دوران  بھارت کے سابق کپتان سنیل گواسکر نے کافی حد تک ایشون کی ریٹائرمنٹ کی تصدیق کی، جس کے  چند  ہی گھنٹے بعد ایشون نے پریس کانفرنس کر دی۔

ایشون نے جاری بارڈر گواسکر ٹرافی میں صرف ایک ٹیسٹ کھیلا۔ انہیں ایڈیلیڈ میں دوسرے ٹیسٹ کے لیے پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا تھا، جسے آسٹریلیا نے دس وکٹوں سے جیتا تھا۔ اس میچ میں ایشون نے صرف ایک وکٹ حاصل کی۔

انہوں نے ہندوستان کے لیے 106 ٹیسٹ، 116 ون ڈے اور 65 ٹی ٹوئنٹی کھیلے، تمام فارمیٹس میں 775 وکٹیں حاصل کیں۔

ٹیسٹ میں، ایشون نے 24 کی اوسط اور 50.7 کے اسٹرائیک ریٹ سے وکٹیں حاصل کیں۔

ایشون ٹیسٹ میں ساتویں سب سے زیادہ وکٹ لینے والے بولر کے طور پر باہر گئے اور فی الحال ٹیسٹ میں آف اسپنرز میں سب سے زیادہ وکٹ لینے والے باؤلر ہیں۔ 

ایشون نے اپنا ٹیسٹ ڈیبیو 2011 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کیا تھا۔ تاہم، ان کا بین الاقوامی ڈیبیو ایک سال پہلے ہوا جب انہیں سری لنکا کے خلاف ایک میچ کے لیے ون ڈے پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا۔ ایشون اس وقت منظرعام پر آگئے جب انہوں نے آئی پی ایل میں ایم ایس دھونی کے ساتھ چنئی سپر کنگز (CSK) کے لیے کھیلا۔ 

انہوں نے ٹیسٹ میں چھ سنچریاں اور 10 نصف سنچریاں اسکور کیں۔ 106 میچوں میں انہوں نے 25.75 کی اوسط سے 3503 رنز بنائے۔ انہوں نے حال ہی میں بنگلہ دیش کے خلاف بھی سنچری بنائی تھی۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کا ایشون کو خراج تحسین:

بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایشون کو ریٹائرمنٹ پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔ بی سی سی آئی نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا ہے کہ زبردست کریئر پر ایشون کو مبارک ہو۔ 

ایشون نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کرکٹ کے اس سفر میں جس نےبھی ساتھ دیاان سب کا شکریہ۔ تمام فارمیٹ میں بطور کرکٹریہ میرا آخری دن تھا۔اپنے کیریئر کے دوران بہت انجوائے کیا اور کئی یادگاریادیں ہیں۔ یہ میرے لئے کافی جذباتی لمحہ ہے۔

Watch Live Public News