ویب ڈیسک:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی پر ایک بار پھر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہتر ہے کہ یوکرینی صدر زمینی حقائق کو تسلیم کرلیں ورنہ اقتدار اور ملک دونوں ان کے ہاتھوں سے نکل سکتے ہیں۔
ٹرُتھ سوشل پر اپنی ایک پوسٹ میں انھوں نے صدر زیلنسکی کو ’آمر‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’مجھے یوکرین سے محبت ہے لیکن زیلنسکی نے خراب کام کیا ہے، ان کا ملک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اور لاکھوں افراد غیر ضروری طور پر مارے جا چکے ہیں۔‘
اس سے قبل بھی ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ یوکرین میں زیلنسکی کی مقبولیت صرف چار فیصد رہ گئی ہے۔
امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ دوسری جانب ’کامیابی سے مذاکرات کے ذریعے روس کے ساتھ جنگ کو ختم کر رہا ہے۔‘
ڈونلڈ ٹرمپ نے اس موقع پر یورپ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ یوکرین میں جنگ ’ہم سے زیادہ یورپ کے لیے اہم ہے۔‘یورپ خطے میں ’امن لانے میں ناکام‘ رہا ہے۔
قبل ازیں یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلینسکی نے امریکی صدر پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس وقت روس کی جانب سے 'بہت غلط معلومات' پھیلائی جا رہی ہے اور ایسا لگتا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ 'غلط معلومات کی دنیا' میں رہ رہے ہیں۔