کراچی: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245 میں ضمنی الیکشن کل ہوگا،انتخابی معرکہ میں 15 امیدوار مدمقابل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق این اے 245 پر جے یو آئی اور پیپلزپارٹی کے امیدوار ایم کیو ایم پاکستان کے حق میں دست بردار ہوگئے ہیں۔ ضمنی الیکشن میں 5 لاکھ 15ہزار ووٹرز کیلئے 263 پولنگ اسٹیشنز اور 1052 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں جبکہ 2018ء کے مقابلے میں 71463 ووٹرز کا حلقے میں اضافہ ہوا ہے۔ واضح رہے کہ قومی اسمبلی کی یہ نشست پی ٹی آئی کے عامر لیاقت کے انتقال کی وجہ سے خالی ہوئی تھی۔ واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245 کے ضمنی انتخاب کے لئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ، حلقے کے 263 پولنگ اسٹیشنز میں سے 201 کو انتہائی حساس قرار دیے دیا گیا ہے، سیکیورٹی کے لئے رینجرز اور فوج 20 سے 22 اگست تک تعینات ہوگی اور میدان میں 15 امیدوار ہیں۔ تاہم اصل مقابلہ تحریک انصاف کے محمود باقی مولوی، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے معید انور، ایم کیوایم کے سابق سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار اور تحریک لبیک پاکستان محمد احمد رضا کے مابین متوقع ہے۔قومی اسمبلی کا حلقہ این اے 245 شرقی میں ضمنی انتخاب 27 جولائی کو ہونے تھے ، لیکن بارش کی وجہ سے 21 اگست تک ملتوی کردئے گئے،ریٹرننگ آفیسر محمد یوسف کے مطابق ضمنی انتخاب کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے ۔ انتخابی مہم جمعہ کی رات 12 بجے ختم ہوگئیں۔