پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سابق میچ ریفری نوشاد علی اسلام آباد میں انتقال کرگئے۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر نوشاد علی کے انتقال کی تصدیق ان کے اہلخانہ کی جانب سے کی گئی ہے۔اہلخانہ کا کہنا ہے کہ مرحوم کی نمازجنازہ آج شام 5.30 بجے ایچ الیون قبرستان میں ادا کی جائےگی۔ واضح رہے کہ نوشاد علی نے پی سی بی کے سلیکٹر، ٹیم مینیجراور دیگر کئی عہدوں پر خدمات انجام دی ہیں۔ نوشاد علی نے 6 ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی نمائندگی بھی کی اور وہ سابق آئی سی سی ریفری بھی رہ چکے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا سابق ٹیسٹ کرکٹر نوشاد علی کے انتقال پر اظہار افسوس: چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف، دیگر ارکان اور بورڈ ملازمین نے نوشاد علی کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ ذکا اشرف کے مطابق نوشاد علی کی فیملی کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، فیملی اور دوستوں کے ساتھ دکھ کا اظہار کرتے ہیں۔