سردی کی نئی لہر،پارہ منفی 11 تک گر گیا

سردی کی نئی لہر،پارہ منفی 11 تک گر گیا
کیپشن: سردی کی نئی لہر،پارہ منفی 11 تک گر گیا

ویب ڈیسک: ملک کے مختلف شہروں میں سردی کی شدت برقرار ہے، شدید سردی اور برفباری سے پارہ منفی 11 تک گر گیا۔

 تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں درجہ حرارت منفی ایک ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ لہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 11 ریکارڈ کیا گیا۔

اسی طرح سکردو میں درجہ حرارت منفی 9، زیارت میں منفی 8، کوئٹہ، گلگت بلتستان میں منفی 7، ستور اور دالبندین میں منفی 6 تک گر گیا۔

خیبرپختونخوا
ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا میں موسم خشک اور سرد رہے گا جبکہ بالائی اضلاع میں موسم شدید سرد رہے گا۔

پشاور، نوشہرہ ، مردان ، چارسدہ ، صوابی اور ڈی آئی خان میں دھند چھائی رہے گی، صبح اور رات کے اوقات میں شدید دھند پڑے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور کا کم سے کم درجہ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ، شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

سوات اور دیر میں پارا نقطہ انجماد سے گر گیا، کالام اور دیر میں درجہ حرارت منفی 4 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ چترال، مالم جکبہ اور پارا چنار میں درجہ حرارت منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

کراچی
دوسری جانب کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران درجہ حرارت سنگل ڈیجٹ میں آنے کا امکان ہے۔

ملک کے مختلف شہروں میں سردی برقرار، برفباری سے موسم مزید سرد، پارہ منفی 11 تک گرگیا

محکمہ موسمیات کے مطابق شہرِ قائد میں کم سے کم درجہ حرارت 9 سے 11 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے جبکہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک اور رات میں سرد رہنے کا امکان ہے۔

علاوہ ازیں کراچی میں آج وقفے وقفے سے تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کم سے کم درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، شہر میں چلنے والی ہوا میں نمی 44 فیصد ہے جبکہ شمال مشرق سے چلنے والی ہوا کی رفتار 8 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے۔

پنجاب اورخیبرپختونخوا کے کچھ علاقوں میں شدید دھند، مختلف مقامات پر موٹرویز بند
 دوسری جانب ملک کے مختلف شہروں میں دھند کا راج بھی برقرار ہے جس کے باعث موٹر ویز متعدد مقامات سے بند کر دی گئی۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق پنجاب میں مختلف مقامات پر شدید دُھند کے باعث موٹروے ایم 2 ٹھوکر نیازبیگ سےخانقاہ ڈوگراں تک بند کردیا گیا۔

ترجمان نے بتایا کہ موٹروے ایم 3 فیض پور سے رجانہ تک دھند کی وجہ سے بند جبکہ لاہورسیالکوٹ موٹروے ٹول پلازہ سے سمبڑیال تک موٹروے کو بند کردیا۔

ترجمان موٹروے نے مزید بتایا کہ پنجاب کے بعد خیبرپختونخوا موٹروے ایم 1 پشاور سے برہان تک   شدید دھند کے باعث موٹروے کو بند کردیا گیا۔

Watch Live Public News