تین وزیراعظم مارے گئےان کے مقدمات کا کیا بنا،جسٹس جمال مندوخیل

 تین وزیراعظم مارے گئےان کے مقدمات کا کیا بنا،جسٹس جمال مندوخیل
کیپشن: تین وزیراعظم مارے گئےان کے مقدمات کا کیا بنا،جسٹس جمال مندوخیل

ویب ڈیسک: عدالت عظمیٰ نے قتل کے ملزم اسحاق کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری پر ایس پی سپریم کورٹ کو ملزم کو گرفتار کرکے جیل حکام کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس جمال خان مندوخیل کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے قتل کیس کی سماعت کی۔

جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ 2017 سے یہ مقدمہ سپریم کورٹ میں زیر التواء ہے جبکہ ریاست حکومت گرانے اور لانے میں مصروف ہے، سارے ادارے سیاسی مخالفین کے پیچھے پڑے ہیں۔

جسٹس جمال مندو خیل نے ریمارکس دیے کہ ریاست کی کیا بات کریں تین وزیراعظم مارے گئے، تینوں وزرائے اعظم کے مقدمات کا کیا بنا۔ بلوچستان میں سینیئر ترین جج بھی مارا لیکن گیا کچھ پتہ نہیں چلا، اصل بات یہ ہے کہ کچھ کرنے کی خواہش نہیں، دیگر دو صوبوں کی نسبت سندھ اور پنجاب میں تفتیش انتہائی ناقص ہے۔

جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ جب تک ریاستی ادارے پولیٹیکل انجنیئرنگ میں ہوں گے یہی حال ہوگا، آئین پر عمل ہوتا تو یہ حالات نہ ہوتے۔

جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ لوگوں کو اداروں پر یقین نہیں، لوگ چاہتے ہیں سارے کام سپریم کورٹ کرے۔

جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ یہ ادارہ بھی اتنا سچ بولتا ہے جتنا ہمارا معاشرہ، چالیس سال بعد منتخب وزیراعظم کے قتل کا اعتراف کیا گیا، وزیراعظم کے قتل سے بڑا جرم کیا ہوسکتا ہے، کسی کو ذمہ دار قرار دے کر سزا دی جانی چاہیے تھی۔

جسٹس شہزاد ملک نے ریمارکس دیئے کہ جس ملک میں وزیراعظم کا یہ حال ہو وہاں عام آدمی کا کیا حال ہوگا، وزیراعظم ایک دن وزیراعظم ہاوس تو دوسرے دن جیل میں ہوتا ہے، کسی کو پتہ نہیں کس نے کتنے دن وزیراعظم رہنا ہے۔

واضح رہے کہ ملزم اسحاق اس سے پہلے ضمانت حاصل کرنے کے بعد فرار ہوگیا تھا۔

Watch Live Public News