کابل( ویب ڈیسک ) افغان سنئیر رہنما وحید اللہ ہاشمی نے کہا ہے کہ افغانستان میں جمہوری نظام حکومت نہیں ہو گا بلکہ اسلامی نظام حکومت قائم کیا جائے گا اور اسی کے تحت افغانستان کے معاملات چلیں گے، شرعی قانون نافذ ہو گا اور اسی کے تحت سزائیں بھی دی جائیں گی۔ سنیئر افغان طالبان رہنما وحید اللہ ہاشمی نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو ایک انٹرویو میں کہا کہ افغانستان میں حکومت کی کمان ہیبت اللہ اخوندزادہ کے ہاتھوں میں رہنے کا قوی امکان ہے، حکومت سازی کے لئے طالبان حکومت افغانستان اور قطر میں کام رہی ہے، افغان نیشنل آرمی کا خاتمہ ہو چکا ہے لیکن یہ بھی امکان ہے کہ سابقہ فوجیوں کو واپس رکھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان نیشنل آرمی کے زیادہ تر سابق فوجیوں نے ترکی ، جرمنی اور برطانیہ میں اعلیٰ تربیت حاصل کر رکھی ہے، افغانستان کا نظام حکومت بہت واضح ہے اور یہ شرعی قوانین پر مبنی ہو گا، جمہوری نظام حکومت کی ہمارے ملک میں کوئی بنیاد نہیں ہے، اسلامی نظام ہی رائج ہو گا اور اسی کے تحت نظام حکومت چلایا جائیگا۔