پبلک نیوز: نون لیگ نے پی ٹی ائی کے مرکزی رہنما فواد چوہدری کو ہتک عزت کا نوٹس بھجوا دیا، نون لیگ نے کورٹ میں بیان حلفی جمع کروانے والے پی ٹی آئی کے تین اراکین اسمبلی کو بھی لیگل نوٹس بھجوائے. نون لیگ کی جانب سے لیگل نوٹس رکن اسمبلی شہاب الدین، محمد عامر عنائت اور غضنفر عباس چھینہ کو بھجوائے گئے ہیں، ہتک عزت نوٹس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ فواد چوہدری نے جھوٹے بیان حلفی پر پریس کانفرنس کر کے ہماری ساکھ کو نقصان پہنچایا ہے، اراکین اسمبلی نے جھوٹے بیان حلفی عدالت میں جمع کروائے. ہتک عزت کا دعوی لیگی رہنما عطاء تارڈ کی جانب سے کیا گیا. واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 3 ارکان پنجاب اسمبلی نے بیان حلفی پارٹی قیادت کو جمع کروادیے تھے۔ تینوں ارکان نے وزیر داخلہ عطا تارڑ پر فون کالز کے ذریعے پیسوں کی پیشکش کا الزام عائد کیا تھا۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے پہلے حکمران اتحاد اور پی ٹی آئی کے ایک دوسرے پر ہارس ٹریڈنگ کے الزامات سامنے آگئے۔ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ہمارے ایم پی اے مسعود مجید کو مبینہ طور پر 40 کروڑ روپے دے کر ترکی پہنچا دیا گیا ہے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہمارے ایم پی ایز کو 35، 35 کروڑ روپے کی پیشکش کی جا رہی ہے، تین ایم پی ایز نے پارٹی کو آگاہ کیا کہ پیسوں کی پیشکش ہوئی ہے۔